انارم شریف درگاہ پر صندل و چادر گل کی روح پرور تقریبات، تین روزہ عرس کا آغاز
ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع
ورنگل (نمائندہ/ای میل): پیروتاگیری منڈل میں واقع انارم شریف کی مشہور و معروف درگاہ حضرت سید یعقوب شاہ ولی رحمۃ اللہ علیہؒ پر پیر کی شب صندل اور چادرِ گل کی تقریبات نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کی گئیں۔ ان روح پرور لمحات میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور درگاہ کے احاطے میں روحانی فضا قائم رہی۔
تلنگانہ وقف بورڈ کے ذمہ داران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وقف بورڈ کے زیر اہتمام عرس کی تین روزہ تقریبات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کے مطابق ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے علاوہ ملحقہ علاقوں سے ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔
عقیدت مندوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کھانے پینے، صاف پینے کے پانی، بجلی کی روشنی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ وقف بورڈ کے انسپکٹر جناب ریاض نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی صندل اور عرس کی تقریبات میں بڑی تعداد میں زائرین شرکت کر رہے ہیں، جو درگاہ سے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
ان تقریبات میں وقف بورڈ کے انسپکٹر ریاض کے علاوہ حیدرآباد سے آئے وقف بورڈ کے سپرنٹنڈنٹس، ارکان اور دیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔ وقف بورڈ کے نمائندوں نے برقی محکمہ کے عملے، ٹریفک پولیس اور دیگر پولیس اہلکاروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے عرس کے کامیاب انعقاد میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔



