تلنگانہ کی خبریں

تلنگانہ: بلدیاتی انتخابات کے لیے فائنل ووٹر لسٹ جاری

ریاست تلنگانہ میں بلدیاتی انتخابات کی باضابطہ شروعات

حیدرآباد :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)تلنگانہ میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے 2026 کے اربن لوکل باڈی انتخابات کے لیے ووٹرس کی حتمی فہرست باضابطہ طور پر جاری کردی ہے، جس کے ساتھ ہی انتخابی عمل نے عملی شکل اختیار کرلی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ریاست کی مختلف میونسپل کارپوریشنس اور بلدیات میں کل 52 لاکھ 43 ہزار 23 ووٹرس درج کیے گئے ہیں۔ ان میں 25,62,639 مرد، 26,80,014 خواتین اور 640 خواجہ سرا ووٹرس شامل ہیں۔ کئی شہروں میں خواتین ووٹرس کی تعداد مردوں سے زیادہ ہونا ایک اہم اور خوش آئند جمہوری رجحان قرار دیا جا رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے 60 وارڈس میں 3,48,051 ووٹرس کے ساتھ ریاست میں سب سے زیادہ ووٹرس درج ہیں، جبکہ کریم نگر میونسپل کارپوریشن کے 66 وارڈس میں 3,40,580 ووٹرس شامل ہیں، جن میں خواتین کی تعداد مردوں سے معمولی طور پر زیادہ ہے۔

دوسری جانب کتہ گوڑم میونسپل کارپوریشن میں ووٹرس کی تعداد سب سے کم یعنی 1,34,775 درج کی گئی ہے۔ میونسپلٹیز میں سوریاپیٹ میونسپلٹی 1,08,848 ووٹرس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ امراخیتسا میونسپلٹی میں صرف 9,147 ووٹرس ریکارڈ پر ہیں۔

ریاستی الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ ووٹر لسٹ کی حتمی اجرائی کے بعد 20 جنوری کو انتخابی نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔ اسی دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ قائدین 16 جنوری سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

حکام کے مطابق اسی ووٹر لسٹ کی بنیاد پر وارڈس میں تحفظات کو حتمی شکل دینے کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر اپنے نام اور تفصیلات کی تصدیق ضرور کریں تاکہ انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔

یہ بلدیاتی انتخابات نہ صرف شہری نظم و نسق بلکہ ریاست میں جمہوری عمل کے استحکام کے لیے بھی غیر معمولی اہمیت کے حامل سمجھے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button