قومی خبریں

ایک لڑکی اور تین بوائے فرینڈز… دباؤ سے تنگ آ کر نوجوان نے زہر کھا لی، راستے میں موت

ایک لڑکی، تین عاشق، ہراسانی کا الزام اور زہر کھا کر خودکشی

لکھیم پور کھیری/اتر پردیش:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع کے بھیرہ علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک شادی شدہ شخص نے زہر کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ ایک خاتون اور اس کے دو ساتھیوں کی مسلسل ہراسانی اور دباؤ کے باعث متوفی نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

پولیس کے مطابق متوفی سوجیت مشرا کے اپنے ہی علاقے میں رہنے والی روبی نامی لڑکی کے ساتھ تعلقات تھے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سوجیت کو بعد میں معلوم ہوا کہ مذکورہ لڑکی کے پہلے سے دو اور بوائے فرینڈز بھی تھے۔ الزام ہے کہ روبی اور اس کی دو سہیلیوں نے مل کر سوجیت کو دھمکیاں دیں، ذلیل کیا اور شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا۔

ذہنی اذیت سے تنگ آکر سوجیت نے زہر کھانے کا فیصلہ کیا۔ اس نے یہ قدم اٹھانے سے پہلے 112 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دی کہ وہ زہر کھانے جا رہا ہے۔ اس کے بعد اس نے ضلع کے اعلیٰ پولیس افسر کو بھی فون کیا۔ یہ آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس کی پولیس تصدیق اور تفتیش کر رہی ہے۔

اطلاع ملتے ہی بھیرہ تھانے کی پولیس نے سوجیت سے رابطہ کیا اور اسے تھانے آنے کو کہا، تاہم اس نے بتایا کہ وہ زہر کھا چکا ہے اور آنے سے انکار کر دیا۔ پولیس نے فوری تلاش شروع کی اور کچھ ہی دیر بعد اسے تھانے کے قریب بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔

پولیس نے سوجیت کو فوراً ضلع اسپتال پہنچایا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اس کی نازک حالت کے پیش نظر لکھنؤ ریفر کر دیا گیا۔ تاہم ایمبولینس کے ذریعے لکھنؤ لے جاتے وقت راستے میں ہی اس کی موت ہو گئی۔

اس معاملے میں سوجیت کی بیوی کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایسٹ) امیت رائے نے بتایا کہ پولیس تمام پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے اور آڈیو کلپس سمیت دستیاب شواہد کی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حقائق کی بنیاد پر آگے کی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button