دی کیرالہ اسٹوری 2 کی ریلیز پر کیرالہ ہائی کورٹ کی روک
فلم دی کیرالہ اسٹوری 2 کی ریلیز پر 13 دن کی عبوری روک
ممبئی 26 فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کیرالہ ہائی کورٹ نے متنازع فلم دی کیرالہ اسٹوری 2 کی ریلیز پر 13 دن کی عبوری روک لگا دی ہے۔ یہ فلم 27 فروری 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی تھی، تاہم ریلیز سے ایک دن قبل عدالت کے فیصلے نے فلم سازوں کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے ہدایت دی ہے کہ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) اور پروڈیوسرز اس بات کو یقینی بنائیں کہ پابندی کی مدت کے دوران فلم عوامی طور پر ریلیز نہ کی جائے۔
سماعت کے دوران عدالت نے سی بی ایف سی کی جانب سے دیے گئے سرٹیفکیٹ پر بھی سوالات اٹھائے۔ عدالت نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم کو ‘یو/اے’ سرٹیفکیٹ دیا گیا جبکہ اس کے مواد کو دیکھتے ہوئے زیادہ احتیاط برتی جانی چاہیے تھی۔
جسٹس بیچو کورین تھامس کی سنگل جج بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ بادی النظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سی بی ایف سی نے سرٹیفکیشن دیتے وقت سماجی ہم آہنگی سے متعلق رہنما اصولوں کو مناسب طور پر مدنظر نہیں رکھا۔
بدھ کے روز ہونے والی سماعت کے دوران درخواست گزار، فلم سازوں اور مرکزی حکومت کے نمائندوں کے درمیان گرما گرم بحث بھی ہوئی۔ پروڈیوسرز نے عدالت سے فوری فیصلہ سنانے کی درخواست کی اور کہا کہ فلم کی ملکی و بین الاقوامی ریلیز کے وعدے کیے جا چکے ہیں۔
تاہم عدالت نے واضح کیا کہ تمام دلائل سننے کے بعد ہی فیصلہ سنایا جائے گا اور جلد بازی میں حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔
فلم کے پروڈیوسر وپل شاہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کیرالہ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے ریلیز کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کریں گے۔اب نگاہیں سپریم کورٹ پر مرکوز ہیں جہاں اس معاملے پر آئندہ سماعت متوقع ہے۔



