سعودی عرب: بغیر اجازت حج کرنے والوں پر 25 لاکھ روپے تک جرمانہ
بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
الریاض 15 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سعودی عرب کی حکومت نے بغیر اجازت حج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کر دیا، جس کے تحت بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق جو افراد بغیر سرکاری اجازت نامہ کے حج ادا کریں گے یا اس عمل میں کسی بھی طرح مدد فراہم کریں گے، ان پر ایک لاکھ سعودی ریال (تقریباً 25 لاکھ بھارتی روپے) تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ نئے قوانین 18 اپریل سے نافذ ہوں گے اور حج سیزن کے اختتام تک جاری رہیں گے۔ ان اقدامات کا مقصد غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں اور ان کی مدد کرنے والوں کو روکنا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جو افراد بغیر اجازت حج کرنے کی کوشش کریں گے، ان پر 20 ہزار سعودی ریال (تقریباً 5 لاکھ روپے) تک جرمانہ ہوگا۔ اسی طرح وزٹ ویزا پر آنے والے افراد کو بھی مقررہ مدت کے دوران مکہ اور مقدس مقامات میں داخلے یا قیام پر یہی سزا دی جائے گی۔
سعودی حکام نے مزید کہا کہ جو لوگ غیر قانونی حجاج کے لیے ویزا حاصل کریں گے، انہیں مکہ پہنچانے، رہائش فراہم کرنے یا کسی بھی طرح سہولت دینے میں ملوث پائے گئے، ان پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اگر خلاف ورزی میں ایک سے زیادہ افراد شامل ہوں تو جرمانہ بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔
بغیر اجازت مکہ میں داخل ہونے والے افراد، خاص طور پر ویزا مدت سے زیادہ قیام کرنے والوں کو ملک بدر کر دیا جائے گا اور ان پر 10 سال تک دوبارہ سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔ عدالتیں ایسے معاملات میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی ضبط کر سکتی ہیں۔
وزارت داخلہ نے شہریوں اور زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ حج سے متعلق قوانین کی مکمل پابندی کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ سزا کے خلاف 30 دن کے اندر متعلقہ کمیٹی میں اپیل دائر کی جا سکتی ہے، جبکہ کمیٹی کے فیصلے کے خلاف 60 دن کے اندر انتظامی عدالت سے رجوع کرنے کا حق بھی حاصل ہوگا۔
#Ministry_of_Interior announces the penalties to be imposed on those who violate the regulations requiring a permit to perform Hajj, and on those who facilitate such violations.#No_Hajj_Without_Permit pic.twitter.com/muwEMuq13w
— وزارة الداخلية 🇸🇦 (@MOISaudiArabia) April 14, 2026



