بین الاقوامی خبریں

انڈونیشیا میں 7.4 شدت کا زلزلہ، ایک ہلاک، سونامی وارننگ ختم

زلزلے کے بعد مختلف علاقوں میں سمندری لہریں بھی ریکارڈ کی گئیں

جکارتہ 02 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)انڈونیشیا کے مشرقی علاقے میں جمعرات کے روز 7.4 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ سونامی کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا تھا، تاہم بعد ازاں وارننگ واپس لے لی گئی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مولوکا سمندر میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 48 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی تقریباً 35 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 7.8 بتائی گئی تھی، جسے بعد میں کم کر کے 7.4 کر دیا گیا۔

زلزلے کے فوراً بعد ہوائی میں قائم پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے انڈونیشیا سمیت فلپائن، ملائشیا اور دیگر قریبی ممالک کے ساحلی علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کی، جس میں ایک ہزار کلومیٹر کے دائرے میں خطرہ ظاہر کیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق شمالی سولاویسی کے شہر مانادو میں ایک عمارت کے ملبے تلے دب کر ایک 70 سالہ خاتون ہلاک ہو گئی، جبکہ ایک اور شخص عمارت سے چھلانگ لگانے کے باعث زخمی ہو گیا۔

زلزلے کے بعد مختلف علاقوں میں سمندری لہریں بھی ریکارڈ کی گئیں، جن میں شمالی مناہاسا میں 75 سینٹی میٹر، بیٹونگ میں 20 سینٹی میٹر اور شمالی مالوکو میں 30 سینٹی میٹر بلند لہریں شامل ہیں۔

دو گھنٹے بعد سونامی وارننگ ختم کر دی گئی اور خطرہ ٹل گیا، تاہم ماہرین کے مطابق خطے میں مزید آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہا، جن میں سب سے شدید جھٹکا 5.5 شدت کا تھا۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں محسوس کیے جانے والے زلزلوں میں یہ سب سے شدید تھا، جس کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

جاپانی موسمیاتی ادارے نے بھی شمالی ہوکائیڈو سے اوکیناوا تک سمندر کی سطح میں معمولی تبدیلی کی پیش گوئی کی، تاہم کسی بڑے خطرے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button