
تلنگانہ : (اردودنیا.اِن)ضلع وقارآباد کے تانڈور ڈویثرن کے دؤلت آباد منڈل میں موجود اللہ پورمیں آج پیش آنیوا لے ایک افسوسناک واقعہ میں ایک ایسے نوجوان کی تالاب میں غرقابی سے موت واقع ہوگئی جس کی دو دن قبل ہی شادی ہوئی تھی اور کل ولیمہ کی تقریب منعقد ہونے والی تھی
اس انتہائی دردناک واقعہ کی تفصیلات متوفی کے افراد خاندان اور پولیس کے بوجب موضع اللہ کے ساکن محمد یٰسین 22؍سالہ کی شادی دو دن قبل فلک نماء، حیدرآباد کی ساکن لڑکی سے فلک نماء میں انجام پائی تھی اور کل 14 مارچ اتوارکو اس جوڑے کا ولیمہ ہونا تھا ۔اسی دوران آج شام نوشہ محمد یٰسین ، محمد سمیر 10؍ سالہ اور دیگر افراد خاندان کیساتھ تفریح کی غرض سے موضع کے تالاب پہنچے تھے
جہاں پانی کی گہرائی زیادہ ہونے اور ان دونوں کی تیراکی سے عدم واقفیت کے باعث محمد یٰسین اور محمد سمیر غرقاب ہورہے تھے کہ افراد خاندان کی چیخ و پکار پر وہاں موجود لوگوں نے کسی طرح ان دونوں کوپانی میں مکمل طورپر غرقاب ہونے سے بچالیااطلاع پر فوری پولیس اور ایمبولنس تالاب پر پہنچ گئے محمد یٰسین اور سمیر کو پولیس کی گاڑی اور ایمبولنس میں لیکرکوڑنگل کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا
جہاں ڈاکٹرس نے بعد معائنہ نوشہ محمد یٰسین کو مردہ قراردیا جبکہ سمیر کو تشویشناک حالت میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد حیدرآباد کے نیلوفر ہسپتال روانہ کردیا گیا۔
نوشہ محمد یٰسین کی اچانک موت سے ان کے مکان میں ماتم کی فضاء چھاگئی ہے اس افسوسناک اطلاع کے بعد موضع اللہ پور میں بھی غم اور افسوس کی لہر دؤڑگئی ہے۔اس سلسلہ میں دؤلت آباد پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات میں مصروف ہے




