بین الاقوامی خبریں

بھارت-بنگلہ دیش تعلقات میں بہتری کی کوششیں، طارق رحمان اور بھارتی ہائی کمشنر کی اہم ملاقات

طارق رحمان اور بھارتی ہائی کمشنر پرنئے ورما کی ڈھاکہ میں ملاقات

ڈھاکہ 06 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود سفارتی سطح پر برف پگھلنے کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔ پیر کے روز بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان نے ڈھاکہ میں بھارت کے ہائی کمشنر پرنئے ورما سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران بھارتی ہائی کمشنر نے بنگلہ دیش کے ساتھ "مثبت”، "تعمیری” اور عوام پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت باہمی مفادات کی بنیاد پر بنگلہ دیش کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور مستقبل کے حوالے سے ایک مضبوط شراکت داری چاہتا ہے۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فروری میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی حکومت قائم ہوئی اور طارق رحمان نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ نئی حکومت نے بھارت کے ساتھ تعلقات کو دوبارہ مستحکم کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں، جو سابقہ عبوری دور حکومت میں کشیدہ ہو گئے تھے۔

بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ملاقات میں دونوں فریقین نے قومی ترقی کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود پر مبنی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔

ادھر سفارتی ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ خلیل الرحمن جلد بھارت کا دورہ کر سکتے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ اس ماہ نئی دہلی کا مختصر دورہ کریں گے، جو موجودہ حکومت کے قیام کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیل الرحمن 8 اپریل کو ماریشس میں ہونے والی بحر ہند کانفرنس میں شرکت کے لیے روانہ ہوتے ہوئے بھارت میں قیام کر سکتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button