بین الاقوامی خبریں

ایوانکا ٹرمپ آبدیدہ: شوہر کے کینسر اور والدہ کی وفات پر پہلی بار کھل کر بات

زندگی کے مشکل ترین لمحوں نے مجھے اندر سے بدل دیا

واشنگٹن 11 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران اپنی ذاتی زندگی کے نہایت حساس اور تکلیف دہ پہلوؤں سے پردہ اٹھاتے ہوئے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی۔

مشہور پوڈ کاسٹ "ڈائری آف اے سی ای او” میں گفتگو کرتے ہوئے ایوانکا ٹرمپ اپنی مرحوم والدہ ایوانا ٹرمپ کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2022 میں والدہ کی اچانک وفات نے ان کی زندگی میں ایک ایسا خلا پیدا کیا جسے پر کرنا ممکن نہیں۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنے شوہر جیرڈ کشنر کی بیماری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی ایک ہی وقت میں کئی بڑے امتحانات سے گزر رہی تھی۔ ان کے مطابق جیرڈ کشنر میں دوسری بار تھائی رائیڈ کینسر کی تشخیص ہوئی، جس نے پورے خاندان کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا۔

ایوانکا ٹرمپ نے کہا کہ وہ عام طور پر اپنے جذبات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کرتی ہیں، لیکن ان مشکل حالات نے انہیں نفسیاتی مدد لینے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ وقت ان کی زندگی کا سب سے کٹھن مرحلہ تھا۔

رپورٹس کے مطابق جیرڈ کشنر اس بیماری کے خلاف خاموشی سے لڑتے رہے۔ انہوں نے 2019 میں پہلی بار سرجری کروائی جبکہ چند برس بعد دوبارہ آپریشن سے گزرنا پڑا۔ ان حالات کے چند ہفتوں بعد ہی ایوانکا کی والدہ ایوانا ٹرمپ کا انتقال ہو گیا، جس نے صدمے کو مزید گہرا کر دیا۔

ایوانکا ٹرمپ نے ایک اور واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد پر ہونے والی قاتلانہ حملے کی کوشش کو ٹی وی پر براہ راست دیکھا، جسے انہوں نے "حقیقی ڈراؤنا خواب” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس لمحے میں خوف اور بے بسی نے انہیں جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا، خاص طور پر اس وقت جب ان کے بچے بھی یہ منظر دیکھ رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے والد کو محفوظ دیکھ کر انہیں وقتی سکون تو ملا، لیکن اس واقعے کے نفسیاتی اثرات آج بھی ان کے ذہن میں موجود ہیں۔

ایوانکا نے اپنے والد کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مصروفیات کے باوجود ہمیشہ خاندان کو ترجیح دیتے ہیں اور ہر حال میں ان کے لیے وقت نکالتے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پانچ بچے ہیں جن میں ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر، ایوانکا ٹرمپ، ایرک ٹرمپ، ٹیفنی ٹرمپ اور بیرن ٹرمپ شامل ہیں، جو مختلف شعبوں میں اپنی شناخت رکھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button