بین الاقوامی خبریں

ایران کے خلاف بڑے حملے کی تیاری، اسرائیل امریکہ کے اشارے کا منتظر-اسرائیلی وزیرِ دفاع

آئندہ کارروائی ماضی کے مقابلے میں زیادہ مہلک اور فیصلہ کن ہو گی

تل ابیب 24 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) مشرق وسطیٰ میں حالات ایک بار پھر نازک رخ اختیار کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جہاں اسرائیل نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے امریکہ کے گرین سگنل کا انتظار ظاہر کیا ہے۔ اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کے تازہ بیان نے خطے میں بے یقینی کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

اسرائیل کاٹز نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اسرائیل ایران پر حملوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور امریکہ کی منظوری کا منتظر ہے۔ ان کے مطابق اسرائیلی افواج دفاعی اور جارحانہ دونوں سطحوں پر اپنی تیاری مکمل کر چکی ہیں اور اہداف پہلے ہی طے کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ممکنہ کارروائی کی صورت میں ایران کی اہم توانائی اور بجلی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا، تاکہ اس کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل امریکہ کے گرین سگنل کے بعد پہلے مرحلے میں ایرانی قیادت کو کمزور کرنے کی حکمت عملی پر عمل کرے گا۔

اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق آئندہ کارروائی ماضی کے مقابلے میں زیادہ مہلک اور فیصلہ کن ہو گی، جس میں حساس مقامات کو نشانہ بنایا جائے گا تاکہ ایران کے ریاستی نظام پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے ایران کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس بار سخت اور مؤثر ضربیں لگائی جائیں گی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکہ کے صدر ٹرمپ نے 8 اپریل سے نافذ عارضی جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع کا اعلان کیا ہے، تاکہ سفارتی مذاکرات کے لیے راستہ ہموار کیا جا سکے۔ تاہم موجودہ صورتحال اس بات کی نشاندہی کر رہی ہے کہ خطے میں تناؤ بدستور برقرار ہے اور کسی بھی وقت حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو یہ صورتحال بڑے پیمانے پر تصادم کا رخ اختیار کر سکتی ہے، جس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button