سرورقفلمی دنیا

یامی گوتم نے کردار میں حقیقت لانے کیلئے قرآن کا گہرائی سے مطالعہ کیا: ہدایتکار

فلم ’حق‘: یامی گوتم نے کردار کی تیاری کیلئے قرآن سے رہنمائی لی

ممبئی 24 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بالی ووڈ فلم ’حق‘ کے ہدایتکار سپرن ورما نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ یامی گوتم نے اپنے کردار کو حقیقت کے قریب پیش کرنے کے لیے قرآن پاک کا باقاعدہ مطالعہ کیا اور اس کی تعلیمات کو سمجھنے میں کئی ماہ صرف کیے۔

ایک انٹرویو کے دوران سپرن ورما نے بتایا کہ فلم کی تیاری کے دوران انہوں نے خود بھی اسلامی تعلیمات کو سمجھنے کی کوشش کی، جبکہ یامی گوتم نے شازیہ بانو کے کردار میں ڈھلنے کے لیے تقریباً چار ماہ تک قرآن پاک کا گہرائی سے مطالعہ کیا۔ ان کے مطابق فلم میں بعض قرآنی حوالہ جات بھی شامل کیے گئے ہیں اور اسی مناسبت سے فلم کا اختتام لفظ "اقراء” پر کیا گیا ہے۔

ہدایتکار کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں مذہب سے متعلق غلط معلومات عام ہیں، اور اکثر لوگ درست اور غلط میں فرق نہیں کر پاتے۔ انہوں نے کہا کہ فلم ’حق‘ کا مقصد نہ صرف ایک مضبوط کہانی پیش کرنا ہے بلکہ معاشرے میں پھیلی غلط فہمیوں کو دور کرنا بھی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ فلم کی تیاری کے دوران اسلامی قوانین کو سمجھنے میں تقریباً ڈیڑھ سال کا عرصہ لگا۔ خاص طور پر تین طلاق اور مہر جیسے موضوعات پر تحقیق کی گئی تاکہ انہیں حقیقت کے مطابق پیش کیا جا سکے۔

سپرن ورما نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وقت کے ساتھ بہت کچھ بدلا ہے، لیکن آج بھی خواتین کو کئی سماجی مسائل اور تعصب کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق فلم کی کہانی ایک ایسے ہی حساس مسئلے کو اجاگر کرتی ہے جو دہائیوں پرانا ہونے کے باوجود آج بھی اہمیت رکھتا ہے۔

فلم ’حق‘ کی کہانی شازیہ بانو نامی خاتون کے گرد گھومتی ہے جو ایک وکیل عباس خان سے محبت کرتی ہے، تاہم اس کی خفیہ دوسری شادی کے بعد حالات بدل جاتے ہیں اور شازیہ انصاف کے حصول کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتی ہے۔

یہ فلم معروف صحافی جگنا وورا کی کتاب ’بانو: بھارت کی بیٹی‘ سے ماخوذ ہے اور حقیقی واقعات سے متاثر بتائی جاتی ہے۔ فلم میں یامی گوتم کے ساتھ عمران ہاشمی مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button