بین الاقوامی خبریں

ایران کا سخت انتباہ: امریکی بحری کارروائیوں پر بھرپور جوابی حملے کی دھمکی

ایران کو اپنے دفاع اور جواب دینے کا مکمل حق حاصل ہے

تہران 29 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)امریکہ کی جانب سے ایرانی بحری جہازوں کو تحویل میں لینے کے بعد ایران نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ ان اقدامات کا جواب دینے کا مکمل حق رکھتا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس اور سلامتی کونسل کو بھیجے گئے خط میں امریکی کارروائیوں کو کھلی جارحیت قرار دیا۔

ایروانی نے اپنے خط میں کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور حقوق کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کو فوری طور پر ان غیر قانونی سرگرمیوں سے باز رہنے کا حکم دے اور ضبط کیے گئے تمام بحری جہازوں اور املاک کی فوری رہائی کو یقینی بنائے۔

ادھر امریکی بحریہ نے حالیہ کارروائی میں ایک اور تجارتی جہاز "بلو اسٹار 3” کو روک کر اس کا معائنہ کیا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق میرینز اہلکار ہیلی کاپٹر کے ذریعے جہاز پر اترے اور مکمل تفتیش کے بعد اسے اپنی منزل کی جانب جانے کی اجازت دے دی گئی۔

یہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران چوتھا واقعہ ہے جب امریکی افواج نے بحری ناکہ بندی کے دوران کسی تجارتی جہاز کو روکا، تاہم اس بار جہاز کو ضبط نہیں کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق امریکہ کی یہ حکمت عملی جنگ بندی کے باوجود ایران پر دباؤ بڑھانے کی کوشش ہے، جبکہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں کشیدگی نے عالمی توانائی کی ترسیل اور معیشت کو شدید متاثر کرنے کے خدشات کو جنم دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button