قومی خبریں

چندی گڑھ ہوائی اڈے پر انڈیگو پرواز میں پاور بینک دھماکہ، 5 زخمی

حادثے میں چار سے پانچ مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع

چندی گڑھ 05 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)چندی گڑھ کے ہوائی اڈے پر منگل کے روز ایک خطرناک واقعہ پیش آیا جب حیدرآباد سے آنے والی انڈیگو کی پرواز میں ایک مسافر کا پاور بینک اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں کیبن کے اندر آگ بھڑک اٹھی اور مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

اطلاعات کے مطابق جیسے ہی طیارہ موہالی کے شہید بھگت سنگھ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا، یہ واقعہ پیش آیا۔ دھماکے کے فوراً بعد کیبن کے عملے نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ بجھانے والے آلات کی مدد سے آگ پر قابو پایا اور ہنگامی دروازے کھول کر مسافروں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا۔

حادثے میں چار سے پانچ مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ حکام کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ لینڈنگ کے فوراً بعد پیش آیا، جس کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ اگر یہ دھماکہ دورانِ پرواز ہوتا تو صورتحال کہیں زیادہ سنگین ہو سکتی تھی۔

دوسری جانب حالیہ دنوں میں ہوائی سفر کے دوران پیش آنے والے واقعات نے حفاظتی انتظامات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ کچھ دن قبل لکھنؤ سے رائے پور جانے والی ایک پرواز کو رن وے پر بندروں کی موجودگی کے باعث روک دیا گیا تھا، جس کے سبب پرواز میں تاخیر ہوئی اور دیگر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاور بینک جیسے برقی آلات کے استعمال میں احتیاط نہایت ضروری ہے، کیونکہ بیٹری کے دھماکے سے سنگین خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button