فلمی دنیا

جیکلین فرنانڈیز نے منی لانڈرنگ کیس میں لیا بڑا فیصلہ، ای ڈی نے عدالت میں مخالفت کر دی

"جیکلین فرنانڈیز کے نئے قدم نے سکیش چندرشیکھر منی لانڈرنگ معاملے کو ایک بار پھر سرخیوں میں لا دیا۔"

نئی دہلی 11 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز Jacqueline Fernandez ایک بار پھر سکیش چندرشیکھر سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے کو لے کر خبروں میں ہیں۔ کئی برسوں سے جاری اس مقدمے میں اب ایک نیا موڑ آ گیا ہے، کیونکہ اداکارہ نے خود عدالت میں سرکاری گواہ بننے کی پیشکش کر دی ہے۔اس معاملے کے بعد کیس کی کارروائی پر سب کی نظریں مرکوز ہو گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھی جیکلین فرنانڈیز کو سرکاری گواہ بننے کا مشورہ دیا گیا تھا، لیکن اُس وقت انہوں نے اس تجویز کو قبول نہیں کیا تھا۔ اب اچانک ان کی جانب سے عدالت میں سرکاری گواہ درخواست داخل کیے جانے کے بعد معاملہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔

دوسری جانب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ یعنی ای ڈی نے جیکلین فرنانڈیز کی اس درخواست کی مخالفت کی ہے۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ جانچ کے دوران اداکارہ نے مکمل تعاون نہیں کیا اور کئی مواقع پر ضروری معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا۔ تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق جیکلین نے پی ایم ایل اے کی دفعہ 50 کے تحت درج بیانات میں مکمل حقائق ظاہر نہیں کیے۔

ای ڈی نے عدالت میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ جیکلین فرنانڈیز کو سکیش چندرشیکھر کے مجرمانہ پس منظر کے بارے میں معلومات تھیں، اس کے باوجود دونوں کے درمیان مسلسل رابطہ برقرار رہا۔ ایجنسی کے مطابق یہی پہلو اس کیس کو مزید سنگین بناتا ہے۔

دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے اداکارہ کے وکیل کو ای ڈی کے جواب پر اپنا مؤقف داخل کرنے کے لیے مزید وقت دیا ہے۔ عدالت اب اس معاملے کی اگلی سماعت 12 مئی کو کرے گی۔

اگر جیکلین فرنانڈیز کے فلمی کیریئر کی بات کریں تو وہ گزشتہ برس کئی بڑی فلموں میں نظر آئی تھیں۔ اداکارہ نے ’فتح‘، ’ریڈ 2‘ اور ’ہاؤس فل 5‘ جیسی فلموں میں کام کیا۔ ان میں ’ریڈ 2‘ اور ’ہاؤس فل 5‘ نے باکس آفس پر اچھی کامیابی حاصل کی، جبکہ سونو سود کے ساتھ ان کی فلم ’فتح‘ شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی۔

سال 2026 میں جیکلین فرنانڈیز فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ میں دکھائی دیں گی، تاہم اس فلم کی ریلیز تاریخ کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button