بین ریاستی خبریںسرورق

بھوپال میں مسلم نوجوان کے ساتھ بربریت، 7 کے خلاف مقدمہ درج، 2 گرفتار

مسلم نوجوان گرل فرینڈ کے ساتھ ہوٹل میں ملا، ہندوتوا کارکنوں نے تشدد کیا، چہرے پر گوبر۔۔

بھوپال 14 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے گوتم نگر علاقے میں ایک مسلم نوجوان کے ساتھ مبینہ مارپیٹ اور نیم برہنہ پریڈ کے معاملے میں پولیس نے کارروائی تیز کر دی ہے۔ گووند پورہ پولیس نے اس معاملے میں ملوث سات افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، جن میں سے دو ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

سنجے کمار نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مذہبی منافرت پھیلانے، توہین آمیز تبصرے کرنے اور حملہ آور ہونے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر افواہیں اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کو بھی سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جعلی ویڈیوز یا گمراہ کن پوسٹس شیئر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حساس علاقوں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور پورا شہر ہائی الرٹ پر ہے۔

پرانے شہر میں منگل کی دیر رات اس واقعے کے بعد کشیدگی پھیل گئی۔ مشتعل افراد نے پولیس کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔ اس سلسلے میں پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف الگ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ گوتم نگر کے ایک ہوٹل میں پیش آیا، جہاں بعض ہندوتوا تنظیموں کے کارکن پہنچ گئے۔ الزام ہے کہ انہوں نے 27 سالہ عارف خان کو ہوٹل کے کمرے سے باہر نکال کر اس کے ساتھ بدسلوکی کی، چہرے پر سیاہی اور گوبر مل دیا اور اسے سڑکوں پر گھمایا۔ واقعے کے دوران موجود خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ پانچ برس سے عارف خان کے ساتھ رضامندی کے تحت لیو اِن ریلیشن شپ میں رہ رہی ہے، تاہم ہجوم نے اس کی بات نہیں سنی۔

پولیس کارروائی میں مبینہ تاخیر سے ناراض مسلم برادری کے افراد نے پولیس کمشنر دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان کے خلاف فوری اور سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ مختلف تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد تمام ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو جمعہ کو بڑے احتجاج اور بھوپال بند کی کال دی جا سکتی ہے۔

احتجاج اور بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر شہر بھر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ متعدد تھانوں کے انچارج اور اے سی پی سطح کے افسران کو حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button