
گھر کا کرایہ ادا نہ کر سکا، بیوی اور بیٹی کو زیادتی کے لیے مالک مکان کے حوالے کرنے کا الزام، دو گرفتار
کرایہ کے بوجھ اور مالی پریشانی کے درمیان سامنے آنے والے اس معاملے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔
موربی 16 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) گجرات کے موربی ضلع سے ایک انتہائی سنسنی خیز اور دل دہلا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں مالی پریشانی سے دوچار ایک شخص پر الزام ہے کہ اس نے کرایہ کی رقم معاف کرانے کے لیے اپنی بیوی اور نابالغ بیٹی کو مالک مکان کے حوالے کردیا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سُریندر نگر ضلع سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان روزگار کی تلاش میں تقریباً چھ ماہ قبل موربی منتقل ہوا تھا۔ خاندان ایک کرایہ کے مکان میں رہ رہا تھا، جس کا ماہانہ کرایہ دو ہزار روپے بتایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق معاشی تنگی کے سبب مذکورہ شخص گزشتہ چار ماہ سے کرایہ ادا نہیں کر سکا، جس کی وجہ سے بقایہ رقم بڑھتی گئی۔ الزام ہے کہ اسی دوران اس نے مالک مکان کے ساتھ ایک شرمناک معاہدہ کیا اور اپنی بیوی و نابالغ بیٹی کے ساتھ زیادتی کی اجازت دی۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ مالک مکان نے خاتون اور اس کی بیٹی کے ساتھ کئی مرتبہ جنسی زیادتی کی۔ بعد ازاں متاثرہ خاتون کی والدہ کو اس معاملہ کی اطلاع ملی، جس کے بعد انہوں نے موربی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔
پولیس نے معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پوکسو قانون سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کے شوہر اور مالک مکان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ اس معاملہ میں ملوث ایک اور ملزم فرار بتایا جا رہا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔



