کولکتہ میں ایس آئی آر مدت کے سرٹیفکیٹس کی جانچ، کے ایم سی نے پیدائش و وفات پورٹل کی کئی سہولیات محدود کردیں
ایس آئی آر مدت کے دوران جاری کئے گئے سرٹیفکیٹس کی دوبارہ جانچ۔
کولکتہ، 21 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کے ایم سی Kolkata Municipal Corporation کے پیدائش اور وفات رجسٹریشن پورٹل کو جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے تاکہ بنگال میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) مدت کے دوران جاری کئے گئے سرٹیفکیٹس کی دوبارہ جانچ کی جاسکے۔
کے ایم سی حکام کے مطابق ایس آئی آر مدت کے دوران پرانے پیدائش اور وفات سرٹیفکیٹس کیلئے غیرمعمولی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ ان سرٹیفکیٹس کو نظرثانی کے عمل میں معاون دستاویزات کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا۔
ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کو شبہ ہے کہ اس مدت میں جاری کئے گئے بعض پیدائش اور وفات سرٹیفکیٹس غیرحقیقی ہوسکتے ہیں۔ اسی لئے ان کی دوبارہ تصدیق کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے باعث پورٹل کی کچھ سہولیات وقتی طور پر محدود کردی گئی ہیں۔
کے ایم سی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ فی الحال نئے پیدائش اور وفات کے معاملات کا اندراج اور تازہ سرٹیفکیٹس کی فراہمی جاری رہے گی۔ تاہم پرانے پیدائش و وفات سرٹیفکیٹس، ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس اور گمشدہ سرٹیفکیٹس کی نقلیں کچھ وقت کیلئے دستیاب نہیں ہوں گی۔
حکام نے واضح کیا کہ یہ بندش عارضی نوعیت کی ہے اور جانچ مکمل ہونے کے بعد تمام سہولیات دوبارہ بحال کردی جائیں گی۔
ادھر اس فیصلے کے بعد عوام میں الجھن کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے کیونکہ پرانے ریکارڈ تک رسائی کا اختیار فی الحال بند ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس مسئلے پر شہریوں اور کے ایم سی ملازمین کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں۔



