سرورقفلمی دنیا

ایشوریا رائے بچن کا کانز 2026 میں شاندار انداز، بیٹی آرادھیا بھی مرکزِ توجہ

کانز، 23 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے بالآخر کانز فلم فیسٹیول 2026 میں اپنی شاندار موجودگی درج کرادی۔ ایشوریا نے معروف ڈیزائنر امیت اگروال کے تیار کردہ مجسمہ نما نیلے لباس میں ریڈ کارپیٹ پر جلوے بکھیرے۔

لوریئل پیرس کی عالمی برانڈ سفیر کے طور پر 2003 سے کانز کا حصہ رہنے والی ایشوریا نے فوٹوگرافروں کو ’نمستے‘ کرتے ہوئے خوش آمدید کہا اور اداکارہ ایوا لونگوریا کے ساتھ ریڈ کارپیٹ پر تصاویر بنوائیں۔ دونوں نے فلم “دی برتھ ڈے پارٹی” کی اسکریننگ میں شرکت کی، جو پامے ڈی اور ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہے۔ اس فلم میں معروف اداکارہ مونیکا بیلوچی بھی جلوہ گر ہیں۔

ایشوریا کے لباس “لومینارا” کو روشنی کی حرکت اور توانائی کے تصور پر تیار کیا گیا تھا، جس میں جدید طرز کی نفیس کاریگری نمایاں تھی۔ ان کے لباس کی ساخت اور ڈیزائن نے فیشن ماہرین کی توجہ حاصل کی۔ ایشوریا نے اپنے انداز کو ہلکے چمکدار دوپٹے، کھلے گھنگریالے بالوں، گلابی میک اپ، سرخ لپ اسٹک اور نیلے پتھروں والے ہیرے کے زیورات سے مکمل کیا۔

بعد ازاں شام کے وقت ایشوریا نے “لائٹس آن ویمنز ورتھ” Lights On Women’s Worth تقریب کے لیے ہلکے گلابی رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کیا، جسے سوفی کوچر نے تیار کیا تھا۔ اس لباس میں پھولوں کی نفیس کڑھائی اور شفاف کیپ نمایاں تھی۔ اس تقریب میں ایوا لونگوریا، آریانا گرین بلیٹ، ایمی جیکسن اور دیگر عالمی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

ایشوریا کے ساتھ ان کی 14 سالہ بیٹی آرادھیا بچن بھی موجود تھیں، جنہوں نے سرخ رنگ کے ساٹن گاؤن اور چمکدار کیپ میں سب کی توجہ حاصل کی۔ آرادھیا کی یہ موجودگی بین الاقوامی ریڈ کارپیٹ پر ان کے نمایاں عوامی ظہور میں شمار کی جارہی ہے، اگرچہ وہ اس سے قبل بھی اپنی والدہ کے ساتھ کانز کی تقریبات میں شریک ہوچکی ہیں۔

ایشوریا کی آمد سے قبل سوشل میڈیا پر ان کی غیر موجودگی سے متعلق قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ 10 مئی کو لوریئل پیرس کی جانب سے جاری ایک تشہیری ویڈیو میں عالیہ بھٹ، وائلا ڈیوس، ایوا لونگوریا اور ہیلن میرن کو دکھایا گیا تھا، تاہم ایشوریا اس ویڈیو میں نظر نہیں آئی تھیں، جس کے بعد مداحوں نے انسٹاگرام اور ایکس پر سوالات اٹھائے تھے۔

ایک صارف کی جانب سے لوریئل سے سوال کیا گیا کہ ایشوریا کہاں ہیں، کیونکہ کانز ہی وہ موقع ہوتا ہے جب مداح انہیں عالمی سطح پر دیکھتے ہیں۔ اس پر کمپنی نے جواب دیا تھا: “ہر سال کی طرح اس بار بھی وہ کانز کا حصہ بنیں گی۔”

ایشوریا رائے بچن اور آرادھیا بچن کو جمعرات کے روز ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھی دیکھا گیا تھا، جہاں سے وہ کانز کے لیے روانہ ہوئیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button