امریکہ میں بڑا کریک ڈاؤن، 30 ہندوستانی ٹرک ڈرائیور گرفتار، ملک بدری کی تیاری
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر کمرشل گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
نیویارک، 02 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)امریکہ میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے درمیان 30 ہندوستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ افراد کمرشیل ٹرک ڈرائیور کے طور پر کام کر رہے تھے اور حکام کے مطابق انہیں جلد ملک بدر کیا جائے گا۔حکام کے مطابق یہ کارروائی غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف چلائی جانے والی خصوصی مہم کا حصہ تھی۔
امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کے مطابق 11 سے 15 مئی کے دوران ایریزونا کے یوما سیکٹر میں "آپریشن چیک میٹ” کے تحت کارروائی کی گئی، جس میں مجموعی طور پر 52 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں 36 افراد ایسے تھے جو بھاری کمرشیل ٹرک چلا رہے تھے اور ان کی امیگریشن حیثیت قانونی نہیں تھی۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے 36 ٹرک ڈرائیوروں میں 30 ہندوستانی شہری شامل ہیں جبکہ باقی افراد میکسیکو، ایل سلواڈور اور روس سے تعلق رکھتے ہیں۔ بعض کے پاس مختلف امریکی ریاستوں کے کمرشیل ڈرائیونگ لائسنس موجود تھے، جن میں کیلیفورنیا، نیویارک، واشنگٹن اور ورجینیا شامل ہیں، جبکہ چند افراد کے پاس کسی قسم کا ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ زیادہ تر افراد کے پاس روزگار کی اجازت سے متعلق دستاویزات موجود تھیں جو سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں جاری کی گئی تھیں، تاہم اب وہ مؤثر نہیں رہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار شدگان کے خلاف وفاقی قوانین کے تحت کارروائی مکمل کی جا رہی ہے اور بعد ازاں انہیں ان کے آبائی ممالک واپس بھیجا جائے گا۔
امریکی بارڈر پٹرول کے یوما سیکٹر کے قائم مقام سربراہ ڈسٹن کاڈل نے کہا کہ "آپریشن چیک میٹ” عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کی ایک اہم کوشش ہے۔ ان کے مطابق غیر قانونی حیثیت رکھنے والے افراد کی جانب سے کمرشیل گاڑیوں کی ڈرائیونگ سڑکوں پر خطرات میں اضافہ کر سکتی ہے، اسی لیے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارڈر پٹرول کے اہلکار روزانہ گشت کر رہے ہیں تاکہ ایسے افراد کو روکا جا سکے اور ممکنہ مہلک ٹریفک حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔
صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے دوران محکمۂ نقل و حمل نے بھی ایسے اقدامات کیے تھے جن کے تحت نااہل غیر ملکی شہریوں کو کمرشیل ٹرک اور بس ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے سے روکنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران امریکہ میں کئی ایسے مقدمات سامنے آئے ہیں جن میں ہندوستانی نژاد ٹرک ڈرائیوروں پر جان لیوا سڑک حادثات کا سبب بننے کے الزامات عائد کیے گئے۔ انہی واقعات کے بعد حکام نے کمرشیل ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔



