ممبئی 03 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کی ذاتی زندگی ایک بار پھر خبروں کا مرکز بن گئی ہے۔ مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان اور گوری نے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ان کی شادی کی تقریب 5 جولائی کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔
خاندانی ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق عامر خان اور گوری سپریٹ گزشتہ ایک سال سے ایک خاندان کی طرح ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ دونوں نے میڈیا کی توجہ سے دور ایک پرسکون اور متوازن زندگی قائم کی ہے اور اب اپنے رشتے کو باقاعدہ شکل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شادی کی تاریخ اور مقام طے کر لیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریب کسی عالی شان ہوٹل یا بیرونِ شہر مقام کے بجائے عامر خان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگی۔ اگرچہ مہمانوں کی حتمی فہرست جاری نہیں کی گئی، تاہم بالی ووڈ کے سپر اسٹارز سلمان خان اور شاہ رخ خان کی شرکت کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران عامر خان نے گوری سپریٹ کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اور گوری ایک دوسرے کے لیے سنجیدہ ہیں اور ایک مضبوط اور پُرعزم رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ شادی ہی وابستگی کا واحد پیمانہ نہیں اور رسمی فیصلہ وقت کے ساتھ کیا جائے گا۔
عامر خان کی عمر 61 سال جبکہ گوری سپریٹ کی عمر 46 سال بتائی جاتی ہے۔ دونوں کے درمیان عمر کے فرق کے باوجود ان کے تعلقات کو مضبوط قرار دیا جاتا ہے اور انہیں متعدد تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جا چکا ہے۔
اگر یہ شادی عمل میں آتی ہے تو یہ عامر خان کی تیسری شادی ہوگی۔ اس سے قبل ان کی پہلی شادی رینا دتہ سے ہوئی تھی، جو 1986 سے 2002 تک برقرار رہی۔ اس شادی سے ان کے دو بچے جنید خان اور ایرا خان ہیں۔
عامر خان نے دوسری شادی فلم ساز کرن راؤ سے 2005 میں شادی کی تھی۔ دونوں کا ایک بیٹا آزاد ہے۔ 2021 میں دونوں نے علیحدگی کا اعلان کیا، تاہم علیحدگی کے بعد بھی ان کے تعلقات خوشگوار رہے اور وہ مختلف فلمی منصوبوں میں ایک ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔
دوسری جانب گوری بھی ایک بیٹے کی والدہ ہیں۔ بالی ووڈ حلقوں میں اس ممکنہ شادی کو عامر خان کی زندگی کے ایک نئے باب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم جوڑے کی جانب سے اب تک شادی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔



