وارانسی: عجائب شہید مزار اور مسجد پر آدھی رات کو بلڈوزر کارروائی
انتظامیہ نے رات کے وقت انہدامی مہم چلائی
وارانسی 03 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اتر پردیش کے وارانسی شہر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب انتظامیہ نے کاشی ریلوے اسٹیشن کمپلیکس میں واقع قدیم عجائب شہید مزار اور اس سے متصل مسجد کو مسمار کر دیا۔ کارروائی رات گئے سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان انجام دی گئی، جہاں سینکڑوں پولیس اہلکاروں اور پی اے سی کے جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق کارروائی سے قبل اے سی پی شیوہری مینا نے دیگر افسران کے ساتھ مقام کا معائنہ کیا۔ انتظامیہ نے مسجد اور مزار کے اطراف رکاوٹیں نصب کیں اور تین بلڈوزر موقع پر طلب کیے گئے۔ اس کے بعد مزار اور ملحقہ مسجد کو منہدم کر دیا گیا جبکہ ملبہ بھی راتوں رات ہٹا دیا گیا۔
کارروائی کے دوران ڈی سی پی کاشی گورو بنسل، اے ڈی سی پی ویبھو بنگر، اے سی پی وجے پرتاپ اور دیگر سینئر افسران موقع پر موجود رہے۔ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔
یہ معاملہ گزشتہ دو برس سے عدالت میں زیر سماعت تھا۔ بھداو چونگی کے قلعہ کوہنا علاقے میں واقع اس مقام پر مزار، مسجد اور قبرستان موجود تھے۔ مسلم فریق کا مؤقف تھا کہ مسجد کئی سو برس قدیم ہے، جبکہ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ زمین ریلوے کی ملکیت ہے اور اس پر غیر قانونی قبضہ کر کے مزار، مسجد اور قبرستان قائم کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق کاشی ماڈل ریلوے اسٹیشن منصوبے کے تحت زمین کی پیمائش کے دوران مبینہ غیر قانونی قبضے کی نشاندہی ہوئی تھی۔ بعد ازاں ریلوے حکام نے زمین خالی کرانے کے لیے قانونی کارروائی شروع کی۔ حالیہ عدالتی فیصلے میں مزار کے حامیوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ریلوے کی جانب سے زمین خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوٹس کے باوجود زمین خالی نہیں کی گئی، جس کے بعد انہدامی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اطلاعات کے مطابق اسی علاقے میں واقع ایک ہنومان مندر کو بھی منصوبے کے تحت ہٹا دیا گیا ہے۔
مقامی سطح پر اس کارروائی کو کاشی ماڈل ریلوے اسٹیشن منصوبے سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے، جس کے لیے ریلوے زمین کو تجاوزات سے پاک کرانے کا عمل جاری ہے۔



