الریاض:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ہالی ووڈ کے معروف اداکار جیانکارلو ایسپوزیٹو نے سعودی عرب میں اسلام قبول کر لیا۔ سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار نے کلمۂ شہادت پڑھ کر اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں جیانکارلو ایسپوزیٹو کو سعودی عرب میں ایک مسجد کے اندر فلمی ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ نماز ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اداکار ان دنوں سعودی عرب میں بننے والی بڑی ایکشن فلم "7 Dogs” کی شوٹنگ کے سلسلے میں مملکت میں موجود ہیں۔
ترکی آل الشیخ کے مطابق 68 سالہ اداکار نے سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران کلمۂ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا۔ انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں مبینہ طور پر جیانکارلو ایسپوزیٹو ایک مسجد میں فلمی ٹیم کے دیگر افراد کے ساتھ نماز ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
جیانکارلو ایسپوزیٹو ان دنوں سعودی عرب میں زیرِ تکمیل ایکشن فلم "7 Dogs” کی شوٹنگ کے سلسلے میں موجود ہیں۔ ترکی آل الشیخ کا کہنا ہے کہ اداکار نے فلم کی تیاری کے دوران سعودی عرب میں وقت گزارنے کے دوران اسلام قبول کیا۔سعودی عرب میں قیام، مقامی ثقافت سے قربت اور مسلمانوں کے ساتھ روابط نے اداکار کو اسلام کے قریب آنے میں اہم کردار ادا کیا۔
سعودی عرب حالیہ برسوں میں عالمی فلمی اور تفریحی صنعت کا ایک اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔ مملکت اپنی معیشت کو متنوع بنانے اور ثقافتی و تفریحی شعبوں کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی فلمی منصوبوں اور پروڈکشنز کو متوجہ کر رہی ہے۔
جیانکارلو ایسپوزیٹو چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط فنی کیریئر رکھتے ہیں۔ انہیں عالمی شہرت مقبول ٹی وی سیریز "Breaking Bad” میں گس فرنگ کے کردار سے ملی، جبکہ بعد ازاں انہوں نے "Better Call Saul” میں بھی اسی کردار کو نبھایا۔
اس کے علاوہ وہ "The Mandalorian”، "The Boys” اور "Do the Right Thing” سمیت متعدد معروف فلموں اور ٹی وی سیریز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور ہالی ووڈ کے نمایاں کردار اداکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔



