
سویڈن میں شوہر نے بیوی کو 120 مردوں کے ساتھ تعلقات پر مجبور کیا، عدالت نے قید کی سزا سنا دی
شوہر نے برسوں تک بیوی کو نشہ آور اشیا دے کر قید رکھا، دھمکیاں دیں اور دوسرے مردوں کے ساتھ جنسی تعلقات پر مجبور کرتا رہا۔
اسٹاک ہوم:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سویڈن کی ایک عدالت نے 61 سالہ شخص کو اپنی بیوی کے ساتھ جنسی استحصال، ذہنی تشدد اور اسے دیگر مردوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کرنے کے جرم میں چار سال پانچ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے اپنی بیوی کو کم از کم 120 مردوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کیا۔ استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے برسوں تک اپنی بیوی کو ذہنی دباؤ، دھمکیوں اور نشہ آور اشیا کے ذریعے اپنے کنٹرول میں رکھا۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کو سویڈن کے علاقے کرمفورس میں واقع ایک فارم ہاؤس میں تقریباً قید رکھا گیا تھا، جہاں اس کے سماجی روابط انتہائی محدود تھے۔ ملزم نے گھر کے مختلف حصوں میں نگرانی کے کیمرے نصب کر رکھے تھے اور خاتون کے ساتھ ہونے والی جنسی سرگرمیوں کی ویڈیوز بھی ریکارڈ کرتا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم اپنی بیوی کو پٹرول چھڑک کر جلانے اور اس کی انگلیاں کاٹنے جیسی سنگین دھمکیاں بھی دیتا رہا۔ جج نے قرار دیا کہ ملزم نے مسلسل ذہنی اذیت، گالی گلوچ اور نفسیاتی دباؤ کے ذریعے خاتون کو اپنی مرضی کے خلاف یہ سب کرنے پر مجبور کیا۔
استغاثہ کے مطابق 2022 کے دوران مختلف علاقوں سے مرد فارم ہاؤس آتے تھے اور خاتون کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرتے تھے۔ اس کیس میں مرکزی ملزم کے علاوہ 29 دیگر افراد کو بھی شریک جرم قرار دیا گیا، جن میں سے 28 افراد کو مختلف سزائیں سنائی گئیں۔
خاتون کی دردناک کہانی اکتوبر 2025 میں اس وقت منظر عام پر آئی جب اس نے پولیس سے رابطہ کیا۔ بعد ازاں ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا گیا اور وہ تب سے جیل میں ہے۔
عدالت نے قید کی سزا کے علاوہ ملزم کو متاثرہ خاتون کو 2 لاکھ سویڈش کرونر (تقریباً 21 ہزار امریکی ڈالر) ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ اگرچہ ملزم نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ سب رضامندی سے ہوا، تاہم عدالت نے دستیاب شواہد کی بنیاد پر اسے مجرم قرار دے دیا۔



