قومی خبریں

واٹس ایپ کا یوزرنیم فیچر کیا ہے؟ حکومت کے خدشات کے درمیان میٹا نے وضاحت جاری کر دی

صارفین موبائل نمبر شیئر کیے بغیر رابطہ کر سکیں گے، جعل سازی روکنے کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات متعارف

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)میٹا کی ملکیت والے واٹس ایپ نے اپنے نئے "یوزرنیم فیچر” سے متعلق تفصیلی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین جلد موبائل نمبر شیئر کیے بغیر ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔ کمپنی نے اس فیچر کے حوالے سے جعل سازی، نقالی اور آن لائن فراڈ کے خدشات پر بھی جواب دیا ہے۔

یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مرکزی حکومت نے میٹا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یوزرنیم فیچر سے پیدا ہونے والے ممکنہ فراڈ اور شناخت کی چوری کے خطرات پر تشویش ظاہر کی ہے۔ حکومت نے میٹا سے کہا ہے کہ تمام خدشات دور ہونے تک اس فیچر کو مکمل طور پر نافذ نہ کیا جائے۔

واٹس ایپ کے مطابق یوزرنیم بنانا لازمی نہیں ہوگا بلکہ یہ مکمل طور پر اختیاری فیچر ہے۔ صارفین ایک منفرد یوزرنیم منتخب کر سکیں گے اور اگر چاہیں تو اضافی سیکیورٹی کے لیے "یوزرنیم کی” بھی فعال کر سکتے ہیں، جس کے بعد کسی نئے شخص کو رابطہ کرنے کے لیے یوزرنیم اور خصوصی کوڈ دونوں درکار ہوں گے۔

کمپنی نے بتایا کہ مشہور شخصیات، سرکاری اداروں، عوامی شخصیات اور میٹا ویریفائیڈ اکاؤنٹس کے نام پہلے ہی محفوظ کر لیے گئے ہیں تاکہ ان ناموں کو صرف ان کے اصل مالکان ہی حاصل کر سکیں۔ واٹس ایپ نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی صارف اپنا انسٹاگرام یا فیس بک اکاؤنٹ لنک کرے تو وہ وہی یوزرنیم حاصل کر سکتا ہے۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ کمپنی بلاک اور رپورٹ کے نظام پر مسلسل نظر رکھے گی تاکہ جعلی اکاؤنٹس اور دھوکہ دہی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔ کمپنی نے خبردار کیا کہ مشہور ناموں کی خرید و فروخت یا ریزرویشن کے دعوے غلط ہیں اور صرف اصل مالکان ہی محفوظ نام حاصل کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق یوزرنیم فیچر رواں سال کے آخر میں مرحلہ وار صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا اور اس سے قبل صارفین کی آراء اور حکومتی تجاویز کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button