سرورققومی خبریں

10 سیکنڈ سے زیادہ انتظار پر ٹول فری؟ NHAI نے وائرل دعوے کی حقیقت بتا دی

10 سیکنڈ انتظار پر ٹول فری ہونے کا دعویٰ غلط، NHAI کی وضاحت

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا جا رہا تھا کہ اگر کسی گاڑی کو ٹول پلازہ پر 10 سیکنڈ سے زیادہ انتظار کرنا پڑے تو اسے ٹول فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔

این ایچ اے آئی نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعویٰ مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہے۔ ادارے کے مطابق ملک بھر کے تمام قومی شاہراہوں کے ٹول پلازوں پر ٹول وصولی "نیشنل ہائی ویز فیس رولز 2008” کے تحت کی جاتی ہے اور ان قوانین میں کہیں بھی ایسا کوئی اصول موجود نہیں کہ 10 سیکنڈ سے زیادہ انتظار کی صورت میں ٹول فیس معاف ہو جائے۔

اتھارٹی نے مزید بتایا کہ صرف مخصوص گاڑیوں اور افراد کو قوانین کے مطابق ٹول فیس سے استثنیٰ حاصل ہے اور ان کی مکمل فہرست ہر ٹول پلازہ پر واضح طور پر آویزاں کی جاتی ہے۔

این ایچ اے آئی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور ٹول قوانین سے متعلق معلومات صرف سرکاری ذرائع یا ٹول پلازہ پر موجود نوٹس سے حاصل کریں۔ ادارے نے خبردار کیا کہ غلط معلومات کی بنیاد پر ٹول ادا کرنے سے انکار یا ٹول ملازمین سے بحث کرنا غیر ضروری تنازعات اور پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔

این ایچ اے آئی کے مطابق 10 سیکنڈ کے انتظار کے بعد ٹول فری ہونے کا دعویٰ محض ایک افواہ ہے اور مسافروں کو چاہیے کہ وہ کسی بھی وائرل پیغام پر یقین کرنے سے قبل سرکاری معلومات کی تصدیق ضرور کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button