تلنگانہ کی خبریںسرورق

تلنگانہ کابینہ کا اہم فیصلہ، سرکاری اسکولوں کے اساتذہ بھی بریک فاسٹ اور لنچ اسکیم میں شامل

تلنگانہ حکومت کی اساتذہ کے لیے بڑی خوشخبری، مفت ناشتہ اور دوپہر کے کھانے کی منظوری

حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)تلنگانہ حکومت نے ریاست کے سرکاری اسکولوں اور جونیئر کالجوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ اور دیگر عملے کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے انہیں بھی ناشتہ اور دوپہر کے کھانے کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اب تک یہ سہولت صرف طلبہ تک محدود تھی، تاہم ریاستی کابینہ نے اس کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو بھی اس میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ریاستی حکومت نے حال ہی میں سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے ‘بریک فاسٹ اسکیم’ شروع کی تھی، جس کے تحت طلبہ کو ناشتہ اور دوپہر کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس دوران اساتذہ تنظیموں اور ملازمین کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ طلبہ کو تعلیم دینے والے اساتذہ اور اداروں کے دیگر عملے کو بھی اس سہولت سے مستفید ہونے کا موقع دیا جائے۔

حکومت نے ان مطالبات پر مثبت غور کرتے ہوئے کابینہ کے حالیہ اجلاس میں فیصلہ کیا کہ سرکاری اسکولوں اور جونیئر کالجوں میں طلبہ کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور دیگر ملازمین کو بھی روزانہ ناشتہ اور دوپہر کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ تلنگانہ بھر کے 430 سرکاری کالجوں میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا۔ اب حکومت نے اس منصوبے کو مزید وسعت دیتے ہوئے تدریسی عملے کو بھی اس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت کے اس فیصلے کو تعلیمی شعبے میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اساتذہ تنظیموں اور ملازمین نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے سرکاری تعلیمی اداروں میں کام کرنے والے عملے کی فلاح و بہبود میں بہتری آئے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button