سرورققومی خبریں

بہار: ہندوتوا ہجوم نے مسلم خاتون کا نقاب زبردستی اتروایا، ماتھے پر سندور لگوایا، ویڈیو وائرل

ہندو نوجوان کے ساتھ موجود مسلم خاتون کو ہجوم نے گھیر لیا، نقاب زبردستی اتروایا، سندور لگوایا،

پٹنہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ریاست بہار کے ضلع نوادہ میں ایک مسلم خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر ہندوتوا حامیوں کے ایک گروپ نے بدسلوکی کرتے ہوئے اس کا نقاب زبردستی اتروایا اور اس کے ساتھ موجود ہندو نوجوان سے اس کے ماتھے پر سندور لگوایا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مسلم خاتون ایک ہندو نوجوان کے ساتھ موجود تھی، جس پر مشتعل افراد نے دونوں کو گھیر لیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون بار بار منت سماجت کرتی ہے اور ہجوم سے اسے چھوڑ دینے کی اپیل کرتی ہے، تاہم کوئی اس کی بات نہیں سنتا۔

ویڈیو میں ایک شخص یہ کہتے ہوئے سنائی دیتا ہے کہ "ویڈیو تو بنے گی، ثبوت بھی رہے گا”، جبکہ دیگر افراد خاتون کا نقاب ہٹا کر اس کا ماتھا بے نقاب کرتے ہیں اور اس دوران "جے بجرنگ بلی” کے نعرے بھی لگائے جاتے ہیں۔

اس کے ساتھ موجود ہندو نوجوان بھی ہجوم سے انہیں چھوڑ دینے کی درخواست کرتا ہے، لیکن ایک شخص اسے خاتون کے ماتھے پر سندور لگانے پر مجبور کرتے ہوئے کہتا ہے کہ "پہلے سندور لگا دو، بعد میں مسلم رسم و رواج کے مطابق شادی کر لینا۔”

رپورٹس کے مطابق ہجوم نے دونوں کا پیچھا بھی کیا اور مسلسل ان کی ویڈیوز بناتا رہا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، تاہم فوری طور پر پولیس کی جانب سے اس معاملے میں کسی کارروائی یا گرفتاری کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button