
ویب ڈیسک
اداکار گووندا نے انکشاف کیا ہے کہ انڈسٹری کے کچھ لوگوں نے ان کے خلاف سازش کی اور اسی سازش کے تحت انہیں جان بوجھ کر سائیڈلائن کیا گیا ۔جس کا نتیجہ اداکار کو مالی نقصان کی صورت برداشت کرنا پڑا۔ایک انٹرویو میں گووندا کا کہنا تھا کہ آپ مجھے کبھی بھی دوسروں سے متعلق بات کرتے نہیں دیکھیں گے لیکن اس کے برعکس اکثر لوگ میرے خلاف بات کرتے ہیں۔
گووندا کا کہنا تھا کہ میں ہر ایک کی عزت کرتا ہوں اور ان کے لگائے گئے سرمائے کی قدر کرتا ہوں-اداکار کے مطابق پچھلے 14 سے 15 سالوں کے دوران انہوں نے انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی اور 16 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان اٹھایا۔گووندا کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کچھ لوگوں نے بھی میرے ساتھ برا سلوک کیا میری فلموں کو تھیٹر نہیں ملا کیونکہ وہ میرے کیریئر کو برباد کرنا چاہتے تھے جو کہ نہیں ہوپایا۔
گووندا نے کہا کہ انہوں نے پچھلے کچھ سالوں میں متعدد سرمایہ کاری کی ہے جس میں انھیں خسارہ ہوا ۔ ان کی زیادہ تر فلموں کو ریلیز ہونے سے روک دیا گیا تھا لیکن وہ پہلے سے کہیں زیادہ پرعزم ہیں کہ وہ 2021 کو اپنا سال بنائیں گے۔ انڈسٹری کے لوگوں نے ان کی مدد کرنے سے انکار کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے گووندا نے کہا یہ بات سچ ہے کہ اپنے بھی پرائے ہوجاتے ہیں۔جب قسمت ساتھ نہیں دیتی۔ اداکار حال ہی میں میوزک اور ڈانس ریئلٹی شوز میں نمودار ہوئے تھے۔



