
حکومت طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ بند کرے ۔ آواز دبانے کی کوششیں قابل مذمت
راجیہ سبھا میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کا بیان ۔ رام مندر چندہ چوری اور ایتھنال ملاوٹ پر بھی حکومت کو نشانہ بنایا
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے ہی دن راجیہ سبھا میں NEET پیپر لیک اور جنتر منتر پر طلبہ کے احتجاج کا معاملہ زور و شور سے اٹھایا گیا۔ کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف ملکارجن کھرگے نے حکومت پر طلبہ کی آواز دبانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے طلبہ پر لاٹھی چارج کیا گیا، جو انتہائی افسوسناک ہے۔
راجیہ سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ یہ صرف ایک سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے جڑا حساس معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے طلبہ NEET امتحان میں مبینہ پیپر لیک اور بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، لیکن حکومت ان کی بات سننے کے بجائے انہیں دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ امتحانی نظام میں مکمل شفافیت لائی جائے اور طلبہ کے خدشات کو سنجیدگی سے دور کیا جائے۔ کھرگے نے کہا کہ حکومت کو نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ بند کرنا چاہیے۔
کھرگے کی تقریر کے دوران حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے ارکان کے درمیان شدید نوک جھونک ہوئی۔ دونوں جانب سے نعرے بازی کے باعث ایوان میں ہنگامہ آرائی بڑھ گئی، جس کے بعد چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی۔
کانگریس صدر نے اپنے خطاب اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر جاری بیان میں شری رام مندر کے لیے جمع کیے گئے چندے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عقیدت مندوں کے عطیات کا مکمل حساب عوام کے سامنے لایا جانا چاہیے۔
کھرگے نے الزام لگایا کہ 2014 سے اب تک 152 امتحانی پرچے لیک ہو چکے ہیں اور اس کے باعث 25 طلبہ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ انہوں نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو برطرف کرنے کا مطالبہ بھی دہرایا۔
اس کے علاوہ انہوں نے E20 ایتھنول بلینڈنگ کے معاملے پر بھی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ لاکھوں گاڑی مالکان پر ایتھنول ملاوٹ کو زبردستی نافذ کیا جا رہا ہے، جس سے عوام متاثر ہوں گے۔
پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی اپوزیشن نے واضح کیا ہے کہ وہ تعلیم، نوجوانوں، مہنگائی اور دیگر عوامی مسائل پر حکومت سے سخت سوالات کرے گی۔



