بین الاقوامی خبریںسرورق

امریکہ نے عراقی ایئرلائن فلائی بغداد پر سے پابندیاں ختم کر دیں،ایران کے حوالے سے مؤقف میں تبدیلی سے انکار

امریکہ نے ایران سے متعلق اپنا مؤقف کیا

واشنگٹن، 6 اگست (اردودنیانیوز/ایجنسیاں): امریکہ نے عراقی فضائی کمپنی فلائی بغداد کو پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے اس پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کر دی ہیں، تاہم امریکی حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے کا ایران کے حوالے سے اس کی خارجہ پالیسی یا پابندیوں کے نظام سے کوئی تعلق نہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول (OFAC) کے مطابق فلائی بغداد اور اس کے دو بوئنگ 737 طیاروں کو اسپیشل ڈیزگنیٹڈ نیشنلز (SDN) فہرست سے حذف کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ قانونی اور انتظامی نظرثانی کے بعد کیا گیا۔

فلائی بغداد پر جنوری 2024 میں اس الزام کے تحت پابندیاں عائد کی گئی تھیں کہ کمپنی ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کی قدس فورس اور اس سے وابستہ گروہوں کی نقل و حمل اور لاجسٹک سرگرمیوں میں معاونت کر رہی ہے۔ تازہ فیصلے کے بعد امریکی حکام نے ایک مرتبہ پھر دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ ایران، آئی آر جی سی، قدس فورس اور پابندیوں کی زد میں آنے والی دیگر تنظیموں کے خلاف واشنگٹن کی پالیسی میں کسی قسم کی نرمی نہیں کی گئی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تمام اقدامات بدستور نافذ رہیں گے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے حوالے سے ایران کے ساتھ جلد کسی مفاہمت تک پہنچا جا سکتا ہے۔ ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایران اور عمان مجوزہ بحری راستے کے تکنیکی، قانونی اور جغرافیائی معاملات پر مسلسل رابطے میں ہیں اور مشترکہ اعلامیے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں موجود سیکیورٹی صورتحال کے باعث آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر محفوظ قرار نہیں دیا جا سکتا، جبکہ ایران کے خلاف جاری فوجی اور بحری دباؤ بھی اس معاملے پر اثر انداز ہو رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button