بین الاقوامی خبریںسرورق

روس میں فوجیوں سے مالی فائدے کے لیے شادیوں کا الزام، سرکاری معاوضے پر اٹھنے لگے سوال

یوکرین جنگ کے دوران روس میں فوجیوں سے مشتبہ شادیوں کا معاملہ، مالی معاوضے پر نیا تنازع

ماسکو، 6 اگست (اردو دنیا نیوز/ایجنسیاں): روس میں یوکرین جنگ کے دوران فوجیوں سے متعلق ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس نے ملک بھر میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ متعدد بین الاقوامی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعض خواتین جنگی محاذ پر بھیجے جانے والے روسی فوجیوں سے صرف اس مقصد کے لیے شادی کر رہی ہیں کہ اگر وہ جنگ میں مارے جائیں تو حکومت کی جانب سے ملنے والا بھاری مالی معاوضہ حاصل کیا جا سکے۔ روس میں ایسے مبینہ واقعات کو "مالی فائدے کی شادیوں کا اسکینڈل Black Widows Scam” اسکینڈل کے نام سے جانا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایک خاتون ماریہ کو اس وقت حیرت ہوئی جب اسے معلوم ہوا کہ اس کے 59 سالہ والد یوری نے یوکرین کے محاذ پر روانہ ہونے سے محض دو روز قبل اپنے سے 22 سال کم عمر خاتون سے شادی کر لی تھی۔ جنگ میں ہلاکت کے بعد سرکاری معاوضہ قانونی طور پر نئی بیوی کو منتقل ہوگیا، جبکہ خاندان کا کہنا ہے کہ انہیں اس شادی کے بارے میں پہلے کوئی علم نہیں تھا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ روسی حکومت جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہلِ خانہ کو کم از کم 50 لاکھ روبل بطور مالی امداد فراہم کرتی ہے، جس کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔ تاہم بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ اسی اسکیم کا فائدہ اٹھانے کے لیے مشتبہ شادیاں بھی سامنے آ رہی ہیں، جن کی وجہ سے کئی خاندانوں نے سوالات اٹھائے ہیں۔

ایک اور نمایاں معاملے میں روس کے فوجی اسپتال میں تعینات ایک نرس پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے اپنی نگرانی میں موجود پانچ فوجیوں سے ان کی موت سے پہلے شادی کی تاکہ بعد میں سرکاری معاوضے کی حقدار بن سکے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الزامات سامنے آنے کے بعد نرس کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔

بعض رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ چند سیکیورٹی اہلکار مبینہ طور پر ایسے نیٹ ورکس کے ساتھ رابطے میں تھے جو نئے شادی شدہ فوجیوں کو خطرناک مشنز پر بھیجنے میں کردار ادا کرتے تھے تاکہ ہلاکت کی صورت میں ملنے والی رقم سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق نہیں ہو سکی اور متعلقہ حکام کی جانب سے اس حوالے سے مختلف معاملات کی جانچ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

اس معاملے نے روس میں جنگی معاوضے کے نظام، فوجیوں کے حقوق اور متاثرہ خاندانوں کے تحفظ کے حوالے سے نئی بحث کو جنم دیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی "بلیک ویڈو” اسکینڈل موضوعِ گفتگو بنا ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button