بین ریاستی خبریںجرائم و حادثاتسرورق

شوہر کے بعد بچے کی بھی جان لے لی، بنگلورو ڈبل مرڈر کیس میں بیوی گرفتار، مبینہ عاشق کی تلاش جاری

شوہر کے قتل کا چشم دید گواہ بننے پر بچے کو بھی قتل کرنے کا الزام

بنگلورو، 18 اگست (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز) بنگلورو کے چکّاباناوارا علاقے میں پیش آنے والے ڈبل مرڈر کیس نے تفتیش کے دوران ایک نیا اور چونکا دینے والا رخ اختیار کر لیا ہے۔ پولیس نے مقتول ابھینندن کی اہلیہ ہرینی کو گرفتار کیا ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ عاشق ونے کی مدد سے پہلے اپنے شوہر کو قتل کیا اور پھر جرم کے گواہ بننے والے اپنے بچے یدوویر کو بھی گلا گھونٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ اتوار کو پیش آیا۔ ابتدائی تفتیش میں شبہ ظاہر کیا گیا کہ ہرینی نے ونئے کے ساتھ مل کر شوہر ابھینندن کو قتل کیا۔ بتایا گیا ہے کہ ان کا بچہ یدوویر اس واردات کا عینی شاہد بن گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو خدشہ تھا کہ بچہ واقعے کی حقیقت دوسروں کو بتا دے گا، اسی لیے مبینہ طور پر اسے بھی قتل کر دیا گیا۔

تفتیش کاروں کے مطابق قتل کے بعد دونوں لاشوں کو اس انداز میں رکھا گیا کہ واقعہ خودکشی یا کسی دوسرے طریقے سے ہونے والی ہلاکت معلوم ہو۔ تاہم جائے وقوعہ پر موجود شواہد اور خون کے نشانات نے پولیس کو شک میں مبتلا کر دیا۔

پولیس کو مزید شبہ اس وقت ہوا جب خون سے آلودہ کپڑے دھو کر خشک کرنے کے لیے باہر ڈالے گئے تھے۔ تفتیش کے دوران جائے وقوعہ کے حالات اور دستیاب شواہد میں مبینہ تضادات سامنے آنے کے بعد پولیس نے معاملے کی باریک بینی سے جانچ شروع کی۔

پولیس کے مطابق واردات سے قبل گھر کے سی سی ٹی وی کیمرے بھی بند کر دیے گئے تھے۔ الزام ہے کہ ہرینی نے قتل سے ایک رات قبل تقریباً 11 بجے ونئے کو اپنے گھر بلایا تھا۔ مبینہ طور پر قتل کے بعد ونئے موقع سے فرار ہوگیا، جس کے بعد پولیس نے اس کی تلاش شروع کردی۔

پولیس نے ہرینی سے تقریباً چھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ تفتیش کاروں کا دعویٰ ہے کہ پوچھ گچھ کے دوران اس نے اپنے شوہر اور بچے کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

ڈی سی پی این ناگیش کے مطابق ابھینندن اور ہری نی کے درمیان کچھ عرصے سے ازدواجی تنازع چل رہا تھا اور دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ہرینی کچھ عرصے کے لیے گھر بھی چھوڑ کر چلی گئی تھی، تاہم بعد میں دونوں دوبارہ ساتھ رہنے لگے۔

تفتیش کے دوران پولیس کو ہرینی کے ونئے کے ساتھ مبینہ تعلقات کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہوئیں۔ خاندان کی ایک رکن جیمّا نے پولیس کو بتایا کہ اسے ہرینی کے رویے پر پہلے ہی شبہ تھا کیونکہ وہ اکثر فون پر کسی سے بات کرتی رہتی تھی۔

پولیس کے مطابق ہرینی تقریباً تین ماہ قبل گھر سے چلی گئی تھی اور ایک خط بھی چھوڑا تھا، لیکن خاندان نے یہ معاملہ دوسروں سے پوشیدہ رکھا تاکہ میاں بیوی کے درمیان صلح کرائی جا سکے اور اختلافات ختم ہو جائیں۔

تحقیقاتی ٹیم کے مطابق بچے کی موجودگی نے کیس میں اہم کردار ادا کیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یدوویر نے اپنے والد کے قتل کا منظر دیکھ لیا تھا، جس کے بعد اسے بھی مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔

پولیس نے ہرینی کو پیر کے روز گرفتار کر لیا، جبکہ مبینہ ساتھی ونئے کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پولیس اب قتل کی اصل ترتیب، منصوبہ بندی اور واردات کے پیچھے موجود مکمل مقصد کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔

تفتیش میں یہ پہلو بھی سامنے آیا ہے کہ ابھینندن اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اور اس کے پاس کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد تھی۔ چکّاباناوارا علاقے میں موجود تین منزلہ عمارت سمیت اس کی دیگر املاک بھی بتائی گئی ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر اس جائیداد پر قبضہ حاصل کرنے کی نیت سے شوہر ابھینندن کو قتل کرنے کی سازش تیار کی تھی۔

پولیس کی مزید تفتیش کے بعد ہی یہ واضح ہوگا کہ قتل کی مکمل منصوبہ بندی کیسے کی گئی اور جائیداد کا معاملہ اس واردات میں کس حد تک اہم تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button