
حج 2027: منتخب عازمین کی دو مرحلوں میں طبی جانچ لازمی، 15 ستمبر تک فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا
نئی دہلی، 8 ستمبر (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز) حج 2027 کے لیے عارضی طور پر منتخب ہونے والے عازمین کو سفر سے قبل طبی فٹنس کے سخت مرحلے سے گزرنا ہوگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے وزارت اقلیتی امور کے تحت جاری سرکلر نمبر 10 میں واضح کیا ہے کہ منتخب امیدواروں کی طبی جانچ دو مراحل میں کی جائے گی اور فٹنس سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازمی ہوگا۔
جاری ہدایات کے مطابق پہلے مرحلے میں عارضی طور پر منتخب ہر عازم کو کسی سرکاری ہیلتھ سینٹر میں تعینات سرکاری ایلوپیتھک میڈیکل افسر سے ابتدائی طبی معائنہ کرانا ہوگا۔ طبی جانچ مکمل ہونے کے بعد پرائمری میڈیکل اسکریننگ اور فٹنس سرٹیفکیٹ، جسے اینیکزر-1 میں شامل کیا گیا ہے، جمع کرانا ضروری ہوگا۔
عازمین کو طبی فٹنس سرٹیفکیٹ کے ساتھ ادائیگی کی رسید بھی آن لائن جمع کرانی ہوگی۔ متعلقہ دستاویزات حج کمیٹی کے ’ایچ سی او ایل‘ پورٹل پر اپ لوڈ کیے جا سکتے ہیں، جبکہ ہارڈ کاپی اپنی متعلقہ ریاست یا مرکز کے زیر انتظام علاقے کی حج کمیٹی میں بھی جمع کرانے کی سہولت دی گئی ہے۔ یہ عمل 15 ستمبر 2026 تک یا اس سے پہلے مکمل کرنا ہوگا۔
حج کمیٹی نے عازمین کو ہدایت دی ہے کہ پہلے مرحلے میں جمع کرائی گئی طبی دستاویزات اور تشخیصی رپورٹس کے اصل ریکارڈ محفوظ رکھیں، کیونکہ سفر کے قریب دوسرے مرحلے کی طبی جانچ کے دوران ان کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ دوسرے مرحلے میں بھی عازمین کی صحت اور سفر کے لیے موزوں ہونے کا جائزہ لیا جائے گا۔
سرکلر کے مطابق طبی جانچ میں فٹ نہ پائے جانے والے امیدواروں کا حج کے لیے رجسٹریشن منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ طبی تاریخ یا صحت سے متعلق معلومات چھپانے، غلط تفصیلات فراہم کرنے یا کسی اہم بیماری کے بارے میں حقائق پوشیدہ رکھنے کی صورت میں امیدوار کو فوری طور پر نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔
ہدایات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایسی صورت میں جمع کرائی گئی رقم ضبط کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ غلط معلومات یا طبی حالت چھپانے کے معاملے میں موجودہ حج پالیسی کے تحت قانونی کارروائی کی دفعات بھی لاگو ہو سکتی ہیں۔
حج کمیٹی کی جانب سے جاری طبی فارم میں عازمین سے صحت سے متعلق متعدد اہم معلومات طلب کی گئی ہیں۔ فارم میں ذاتی تفصیلات اور تصویر کے علاوہ سنگین بیماریوں، الرجی، بلڈ پریشر، ذیابیطس، دل کے امراض، کینسر اور ذہنی صحت سے متعلق مسائل کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔
حج کمیٹی کی نئی ہدایات کا مقصد عازمین کی صحت کا ابتدائی جائزہ لینے کے ساتھ یہ یقینی بنانا ہے کہ حج کے دوران سخت موسمی حالات اور جسمانی مشقت برداشت کرنے کے لیے منتخب امیدوار طبی اعتبار سے موزوں ہوں۔



