
ممبئی، 22 ستمبر (اردودنیانیوز/ایجنسیز) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک بار پھر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ان کی نجی زندگی سے جڑے کئی دلچسپ حقائق بھی دوبارہ زیرِ بحث آ رہے ہیں۔ ان ہی میں ایک ایسا راز بھی شامل ہے جو شاید بہت سے مداحوں کے لیے حیران کن ہو کہ کرینہ کپور کا اصل نام کچھ اور تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور کی پیدائش کے وقت ان کا نام سدھیما رکھا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ نام ان کے دادا، معروف اداکار اور فلمساز راج کپور نے رکھا تھا۔ کرینہ کی کزن ردھیما کپور سہنی کا نام بھی اسی روایت سے متاثر تھا۔ دونوں نام ہندو روایت میں گنیش سے وابستہ ردھی اور سدھی سے ماخوذ بتائے جاتے ہیں۔
کرینہ کپور 21 ستمبر 1980 کو پیدا ہوئیں۔ ان کی کزن ردھیما کپور سہنی ان سے چند روز قبل 15 ستمبر کو پیدا ہوئی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق ردھیما کا نام برقرار رکھا گیا، جبکہ کرینہ کی والدہ ببیتا نے بعد میں سدھیما کا نام تبدیل کرکے کرینہ رکھ دیا۔
کرینہ نام کے انتخاب کے حوالے سے بھی ایک دلچسپ قصہ بیان کیا جاتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ببیتا حمل کے دوران روسی ادیب لیو ٹالسٹائی کا مشہور ناول Anna Karenina پڑھ رہی تھیں۔ اسی کتاب کے نام سے متاثر ہوکر انہوں نے اپنی بیٹی کے لیے کرینہ نام منتخب کیا۔
وقت کے ساتھ کرینہ کپور نے فلمی دنیا میں اپنی الگ شناخت قائم کی اور انہیں گھر اور مداحوں کے درمیان بیبو کے نام سے بھی شہرت ملی۔ یہ لقب ان کی فلمی شناخت کا بھی ایک اہم حصہ بن گیا۔
کرینہ کپور نے ماضی میں اپنے بیبو نام کے بارے میں بتایا تھا کہ یہ نام ان کے والد رندھیر کپور نے رکھا تھا۔ ان کی بڑی بہن کرشمہ کپور کو گھر میں لولو کہا جاتا تھا، اس لیے دونوں بہنوں کے لیے اسی انداز کے منفرد اور پیار بھرے نام رکھے گئے۔
کرینہ کپور نے اپنے ایک سابقہ انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان نام کے پیچھے کوئی خاص گہری وجہ نہیں تھی بلکہ ان کے والدین نے دونوں بہنوں کے لیے یہ دلچسپ نام رکھے تھے۔
کرینہ کپور خان اپنی نئی فلم دایرا کے باعث بھی خبروں میں ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری معروف فلمساز میگھنا گلزار نے کی ہے، جبکہ فلم میں کرینہ کے ساتھ پرتھوی راج سکومارن اہم کردار میں نظر آ رہے ہیں۔
فلم میں کرینہ ایک پولیس افسر کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو ایک پولیس مقابلے سے جڑے معاملے کی تحقیقات کرتی ہے۔ دایرا کرینہ کپور اور پرتھوی راج سکومارن کی پہلی مشترکہ فلم بھی ہے۔
کرینہ کپور کا فلمی سفر دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے اور وہ مختلف نوعیت کے کرداروں کے ذریعے بالی ووڈ میں اپنی نمایاں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہیں۔



