
دہلی کی عدالت کا یوٹیوبر دھرو راٹھی کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، 3 دسمبر کو اگلی سماعت
نئی دہلی، 23 نومبر (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز)یوٹیوبر دھرو راٹھی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دہلی کی ساکیت عدالت نے آٹھ سال پرانے مجرمانہ ہتک عزت مقدمے میں مسلسل عدم حاضری کے باعث ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ (Non-Bailable Warrant) جاری کردیا ہے۔ عدالت نے معاملے کی آئندہ سماعت کے لیے 3 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔
یہ مقدمہ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی دھرو راٹھی کی ایک ویڈیو ’’BJP IT Cell Part 2‘‘ سے متعلق ہے، جس کے خلاف وکاس سنکرتیاین عرف وکاس پانڈے نے شکایت درج کرائی تھی۔ شکایت کنندہ کا الزام ہے کہ ویڈیو کے ذریعے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔
عدالت نے پیر کے روز دھرو راٹھی کی عدم حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا۔ عدالت کے مطابق کارروائی کے دوران انہیں پیش کرنے کے لیے بار بار کوششیں کی گئیں، تاہم سمن اور وارنٹ کی تعمیل میں مسلسل دشواریوں کا سامنا رہا۔
اس سے قبل 31 اکتوبر کو عدالت نے دھرو راٹھی کے خلاف تازہ ضمانتی وارنٹ جاری کرتے ہوئے اسے گروگرام میں ان کے پتے پر تعمیل کرانے کی ہدایت دی تھی، تاہم یہ وارنٹ بھی نافذ نہیں ہوسکا۔ اس سے پہلے 17 اکتوبر کو بھی ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ عدالت کو بتایا گیا تھا کہ ان کی رہائش گاہ بند ہونے کے باعث سمن کی تعمیل نہیں ہوسکی۔ بعد میں یہ بھی بتایا گیا کہ آسٹریا کے جس پتے پر وارنٹ بھیجا گیا تھا، وہ درست نہیں تھا۔
شکایت کنندہ وکاس پانڈے سوشل میڈیا پیج ’I Support Narendra Modi‘ کے بانی ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ دھرو راٹھی کی مذکورہ ویڈیو اور اسے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کی جانب سے ری ٹویٹ کیے جانے کے نتیجے میں ان کی شہرت متاثر ہوئی تھی۔ یہ واقعہ 2018 کا ہے۔
مقدمے میں اروند کیجریوال کا نام بھی سامنے آیا تھا۔ فروری 2024 میں کیجریوال نے سپریم کورٹ کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ مذکورہ ویڈیو کو ری ٹویٹ کرنا ان کی غلطی تھی۔ جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس دیپانکر دتا پر مشتمل بنچ نے کیجریوال کی درخواست پر سماعت کے دوران ان کے خلاف ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر روک لگا دی تھی۔ جسٹس سنجیو کھنہ بعد میں چیف جسٹس آف انڈیا کے عہدے پر فائز ہوئے اور اب سبکدوش ہوچکے ہیں۔
اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ نے کیجریوال کو جاری کیے گئے سمن کے حکم کو برقرار رکھتے ہوئے کہا تھا کہ مبینہ طور پر ہتک آمیز مواد کو ری ٹویٹ کرنا بھی تعزیرات ہند کی دفعہ 499 کے تحت کارروائی کی بنیاد بن سکتا ہے۔
دھرو راٹھی کے خلاف مقدمے کی کارروائی 2019 سے سمن کی تعمیل میں مشکلات کے باعث متاثر رہی ہے۔ شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ دھرو راٹھی کے ہندوستان سے باہر رہنے کی وجہ سے عدالتی کارروائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ وہ فی الحال آسٹریا میں مقیم ہیں۔
اردو دنیا نیوز — ہر خبر آپ کے ساتھ!
تازہ خبروں اور خصوصی ویڈیوز کے لیے ہمارے واٹس ایپ گروپ، یوٹیوب چینل اور موبائل ایپ سے جڑیں



