لکھی سرائے ؍پٹنہ:(اردودنیا.اِن) بہار کے لکھی سرائے کے ایک کجرا نامی گاؤں میں چاکلیٹ کے بہانے5 سے 7 سال کی عمر کی لڑکیوں کی عصمت دری کاسنسنی خیز معاملہ سامنے آیا، اس واقعہ کے ملزم کی عمر 50 سال ہے۔ وہ ننھی بچیوں کو اپنی دکان پر بلایا کرتا تھا اور ان کے ساتھ یہ درندگی انجام دیا کرتا تھا، اسے متاثرہ کے اہل خانہ کی شکایت پر گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور ساتھ ہی اس کی دماغی حالت کا بھی معائنہ کیا جارہا ہے ۔ خیال رہے کہ جب پیر کی شام دو لڑکیوں کی طبیعت خراب ہوئی تو انہوں نے اپنی تکلیف اور ملزم پرکاش تانتی کی قبیح حرکتوں کے متعلق معصومیت سے سب کچھ بتادیا۔ پھر سارا معاملہ سامنے آگیا۔
بچیوں کو یہ بھی نہیں معلوم کہ ان کے ساتھ کتنی گھناؤنی حرکت کی گئی ہے ۔یہ خبر پھیلتے ہی علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ عوام نے پورے گاؤں میں ہنگامہ شروع کردیا، انہوں نے ملزم کی گرفتاری کاسخت مطالبہ کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔وہیں تمام متاثرہ لڑکیوں کا میڈیکل کرایا جارہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ملزم نے 20 مارچ کو ان کی دکان میں آخری بار دو لڑکیوں کے ساتھ زیادتی کی تھی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر 8 لڑکیوں کے اہل خانہ نے شکایت کی ہے۔ تفتیش کے دوران ، کچھ اور لڑکیوں کو عصمت دری کے متعلق انکشاف ہوسکتا ہے ۔ خیال رہے کہ ملزم نے 10 مارچ سے 20 مارچ تک تمام لڑکیوں کو ہوس کا نشانہ بنایا ہے۔




