بین الاقوامی خبریں

سعودی عرب :یکم شوال سے اِن شعبوں کے کارکنان کیلئے کرونا کی ویکسی نیشن لازمی

ریاض: (ایجنسیاں) سعودی عرب میں بلدیاتی و دیہی امور اور ہاؤسنگ کی وزارت نے ریستورانوں، قہوہ خانوں، حجامت کی دکانوں اور بیوٹی سیلونوں میں کام کرنے والے تمام مرد اور خواتین کارکنان کے لیے کرونا وائرس کی لازمی ویکسی نیشن کی شرط عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ رواں سال یکم شوال سے نافذ العمل ہو گا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ وزارت نے باور کرایا ہے کہ عملے کی ویکسی نیشن کی ہدایت پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ تنصیب کو ہر 7 روز میں کرونا وائرس کے منفی ہونے کی پی سی آر رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔

اس ٹیسٹ کے اخراجات متعلقہ تنصیب یا دکان کے مالک کی جانب سے ادا کیے جائیں گے ۔ سعودی وزارت کھیل نے مملکت میں کھیلوں کے تمام جمنازیموں اور مراکز کو عمومی نوٹی فکیشن بھیجا ہے۔ نوٹی فکیشن میں ان مقامات پر کام کرنے والے تمام کارکنان کی ویکسی نیشن پر زور دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ یکم شوال سے نافذ العمل ہو جائے گا۔ بصورت دیگر ہر 7 روز میں کرونا وائرس کے منفی ہونے کی (PCR) ٹیسٹ رپورٹ جمع کرانا ہو گی۔یاد رہے کہ سعودی وزات صحت نے مملکت کے تمام علاقوں کو شامل کرنے کے لیے کرونا وائرس کی ویکسی نیشن کے مراکز کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ کیا ہے۔

اس کا مقصد شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کی صحت و سلامتی کا تحفظ اور کرونا وائرس کی روک تھام ہے۔ اس سلسلے میں تمام لوگوں کو (صحتی ) ایپلی کیشن کے ذریعے اندراج کی ہدایت کی گئی ہے، تا کہ مفت ویکسین حاصل کی جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button