
مرکزنے ریاستوں کواحتیا ط برتنے کامشورہ دیا
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن)ملک کے کچھ حصوں میں کوویڈ 19 کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر مرکزی حکومت نے بدھ کے روز ریاستوں کو آئندہ تہواروں کے دوران عوامی پروگراموں یا لوگوں کے بڑے پیمانے پر جمع ہونے پر پابندی عائد کرنے کامشورہ دیاہے تاکہ وباکوموثر طریقے سے روکا جاسکے۔ لیکن فی الحال انتخابی ریاستوں میں ریلیاں جاری ہیں۔ہزاروں اورلاکھوں کی بھیڑمیں حکومتی ذمے داران خطاب کررہے ہیں۔سوشل میڈیاپریہی سوال ہورہاہے کہ کیاکورونامذہبی اجتماعات یادیگربھیڑسے پھیلتاہے یانیتائوں کی ریلیوں میں کورونانہیں آسکتا۔
وزارت صحت کی ایڈیشنل سکریٹری آرتی آہوجا نے ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے چیف سکریٹریوں کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ کوویڈ۔19 کے خلاف لڑائی عروج پر ہے ۔انہوں نے لکھا ہے کہ ہولی ، شب برات ، بیہو ، ایسٹر اور عید الفطر جیسے آنے والے تہواروں کے پیش نظر ، ریاستوں کو ان تہواروں کے دوران عوامی سطح پر منانے یا بڑے پیمانے پراجتماع سے روکنے کامشورہ دیا جاتا ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے سیکشن 22 کے تحت مقامی سطح پر پابندی لگانے پر غور کریں۔اہوجا نے ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ 23 مارچ کو وزارت داخلہ امور کے جاری کردہ موثر آرڈر اور کوویڈ۔19 پر قابو پانے کے لیے کارروائی کریں۔ انہوں نے اس خط کے ساتھ ریفرنس کے لیے دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے آرڈر کی کاپی بھی پیش کی ہے۔



