بین ریاستی خبریں

پاورلوم صنعت کی بحالی کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی: وزیر ٹیکسٹائل اسلم شیخ کا اعلان

ممبئی (پریس ریلیز): مہاراشٹر کے وزیر برائے ٹیکسٹائل اسلم شیخ نے اعلان کیا ہے کہ پاورلوم صنعت کی بحالی اور مالکان کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب بھیونڈی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ کی قیادت میں پاورلوم مالکان کا ایک وفد منترالیہ میں وزیر اسلم شیخ سے ملاقات کے لیے پہنچا اور صنعت کے سنگین مسائل پر مشتمل ایک میمورنڈم پیش کیا۔

رئیس شیخ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران سب سے زیادہ نقصان پاورلوم صنعت کو ہوا، جس کے باعث لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے۔ اُنہوں نے بتایا کہ بھیونڈی ملک کے 21 لاکھ لومز میں سے تقریباً 9 سے 10 لاکھ لومز کے ساتھ ٹیکسٹائل صنعت کا مرکز ہے۔ تاہم، برآمدات میں کمی اور لاک ڈاؤن کے اثرات نے کاروبار کو زوال کی جانب دھکیل دیا ہے۔

پاورلوم مالکان کے وفد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ:

  • لاک ڈاؤن کے دوران بجلی کے بلوں میں رعایت دی جائے،

  • سوت (یان) کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے،

  • بھیونڈی میں ٹیکسٹائل اور سوت مارکیٹ قائم کی جائے،

  • "ٹی یو ایف” یوجنا کے تحت قرضوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی جائے،

  • اور ٹیکسٹائل پارک کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

وزیر ٹیکسٹائل اسلم شیخ نے وفد کی باتوں کو غور سے سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ وہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کے اندر بھیونڈی کا دورہ کریں گے تاکہ پاورلوم صنعت کی حالت کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ

"پاورلوم صنعت سے جڑے ہزاروں مزدوروں کا روزگار محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس صنعت کو زندہ رکھا جائے گا۔”

میٹنگ میں محکمہ ٹیکسٹائل کے سیکرٹری پراگ جین نینوٹیا، کمشنر ڈاکٹر مادھوی کھیڑے چاورے، ڈپٹی سیکریٹری ایس ڈی کھرات، ایم آر وائی ایم کے منیجنگ ڈائریکٹر بی بی چوان، ریجنل ڈپٹی کمشنر سریندر تانبے اور بھیونڈی کے لوم مالکان کی تنظیموں کے نمائندے بھی شریک تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button