نوئیڈا: (اردودنیا.اِن)سرکاری کالجوں میں ایم بی بی ایس کورس میں داخلہ دلانے کے نام پر کروڑوں روپئے کی دھوکہ دہی کرنے والے گروہ کے مزید دو افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیاہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس رن وجے سنگھ نے بتایا کہ 9 فروری کو انیل گپتا سمیت چھ افراد نے سیکٹر 58 پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی کہ سیکٹر 62 میں واقع دفتر کے آپریٹرز نے ان سے رابطہ کیا ، اور اسے 25 سے 50 لاکھ روپئے لے کر انہیں اترپردیش میں مختلف سرکاری کالجوں میں ایم بی بی ایس میں داخلہ کرانے کا وعدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملزموں نے خود کو مرکزی وزیر کوجاننے والا بتایا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس معاملے میں ملزم پنکج کھٹیک اور آدرش نے عدالت میں خودسپردگی کردی تھی۔ سیکٹر 58 پولیس کی پولیس نے دونوں ملزموں سے پوچھ گچھ کی اور تفتیش کی بنیاد پر پولیس نے جمعہ کے روز راج وکرم سنگھ اور سنیل نامی دو افراد کو گرفتار کیا۔پولیس نے چار افراد کی نشاندہی پر پاسپورٹ ، وزٹنگ کارڈز ، مختلف سرکاری و نجی دفاتر کے ڈاک ٹکٹ ، ڈاکٹروں کے کوٹ ، اہم دستاویزات ، ڈرائریاںوغیرہ برآمد کرلئے ہیں۔
تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ ان افراد نے سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس میں داخلہ دلانے کے نام پر سیکڑوں طلباء کو دھوکہ دیا ہے۔تفتیش کے دوران پولیس کو ان کے کچھ ساتھیوں کے بارے میں معلوم ہوا۔ پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے



