بین ریاستی خبریں

اقلیتی نوجوانوں وخواتین کو اسکل ڈیولپمنٹ کی تربیت دی جائے گی: نواب ملک

نواب ملک نے اقلیتی نوجوانوں اور خواتین کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کا اعلان

ممبئی: (اردو دنیا نیوز)مہاراشٹر حکومت نے ریاست کے اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور خواتین کو روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے ایک بڑے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کے لیے حکومت نے 20 کروڑ روپئے مختص کیے ہیں۔ اس کے تحت پہلے مرحلے میں 11,764 امیدواروں کو تربیت دی جائے گی۔

یہ اطلاع اقلیتی فلاح و بہبود اور اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیر نواب ملک نے ممبئی میں دی۔

انہوں نے بتایا کہ مسلم، عیسائی، سکھ، بودھ، پارسی، جین اور یہودی طبقے سے تعلق رکھنے والے 15 سے 45 سال کی عمر کے نوجوانوں اور خواتین کو تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ لوکل بزنس اور صنعتی شعبوں میں خود کو روزگار کے قابل بنا سکیں۔

پروگرام میں بینکنگ و ٹیکس اسسٹنٹ، ہیلتھ کیئر، تعمیرات، لاجسٹکس، کمپیوٹر سافٹ ویئر و ہارڈ ویئر، انیمیشن و ملٹی میڈیا (اسسٹنٹ کیمرہ مین)، آٹوموبائل، موٹر میکینک، ہیوی وہیکل و جے سی بی ڈرائیور جیسے کورس شامل کیے گئے ہیں۔ تربیت کا دورانیہ 300 سے 600 گھنٹے پر مشتمل ہوگا۔

نواب ملک نے بتایا کہ یہ تربیت مہاراشٹر اسٹیٹ اسکل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے ذریعے اسکل انڈیا پورٹل پر رجسٹرڈ اداروں کے ذریعہ دی جائے گی۔ اداروں کا انتخاب جلد از جلد مکمل کیا جائے گا اور کورونا صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیت کا آغاز کیا جائے گا۔

یہ پروگرام اقلیتی فلاح و بہبود کی وزارت کے تحت روبہ عمل لایا جائے گا۔

ریاست کے ہر ضلع میں امیدواروں کی تعداد ان کی آبادی کے تناسب سے طے کی گئی ہے۔ اس کے مطابق ممبئی، تھانہ، اورنگ آباد، ناگپور، ناندیڑ، ناسک، امراوتی، جلگاؤں، اکولہ، پربھنی، ایوت محل، شولاپور، لاتور، جالنا، کولہا پور، بیڑ، احمد نگر، چندرپور، رائے گڑھ، واشم، ہنگولی، سانگلی، رتناگیری، ستارا، دھولیہ، عثمان آباد، وردھا، بھنڈارہ، نندوربار، گوندیا، گڈچرولی، پالگھر اور سندھودرگ کے اضلاع شامل ہیں۔

ہر بیچ میں تقریباً 30 امیدواروں کو شامل کیا جائے گا۔ ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں 50 بیچوں میں 1509 امیدوار، تھانہ میں 35 بیچوں میں 1070 امیدوار، اورنگ آباد میں 21 بیچوں میں 637 امیدوار وغیرہ شامل ہیں۔

نواب ملک کے مطابق فی امیدوار تقریباً 17 ہزار روپئے خرچ ہوں گے۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کو ملازمت یا خود روزگار فراہم کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ انہیں سیکٹر اسکل کونسل کے ذریعے سرٹیفکیٹ دیا جائے گا تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز اعتماد کے ساتھ کر سکیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button