پرانے شہر میں میٹرو ریل پر عمل ہوگا، نوٹری دستاویزات پر عوام کو راحت، اسمبلی میں چیف منسٹر کے اعلانات
تلنگانہ:(اردودنیا.اِن)وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے نوجوانوں کو بیروزگاری الاؤنس ، آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور حیدرآباد میں میٹرو ریل پراجکٹ پر عمل آوری کا اعلان کیا ہے ۔ اسمبلی میں تصرف بل پر مباحث کے جواب کے دوران اپوزیشن کی جانب سے کئے گئے استفسارات پر چیف منسٹر کے سی آر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد بیروزگاری الاؤنس پر عمل آوری کا آغاز کیا جائے گا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت بیروزگار نوجوانوں کو الاؤنس جاری کرنے کے وعدہ پر قائم ہیں۔ گزشتہ سال حکومت نے دیگر ریاستوں میں بیروزگاری الاؤنس کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے اسکیم تیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اچانک کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے سبب عمل آوری ممکن نہ ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بہت جلد بیروزگاری الاؤنس کی اسکیم تیار کرے گی جس کے تحت الاؤنس کی اہلیت رکھنے والے نوجوانوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کے اقدامات کرے گی ۔
وزیراعلیٰ نے پی آر سی سفارشات اور وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ سے آر ٹی سی ملازمین کو محروم رکھنے کے بارے میں سوال پر کہا کہ حکومت آر ٹی سی ملازمین سے مکمل ہمدردی رکھتی ہے ۔ تلنگانہ تحریک میں آر ٹی سی ملازمین نے اہم رول ادا کیا تھا جس کا اعتراف حکومت کو ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کو خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ حکومت نے آر ٹی سی کا تحفظ کیا ہے اور بجٹ میں 3000 کروڑ مختص کئے گئے۔ ملازمین کو ہر ماہ پابندی کے ساتھ تنخواہ جاری کی جارہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی طرح آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے جلد فیصلہ کا چیف منسٹر نے تیقن دیا اور کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کو اس بارے میں تشویش کی ضرورت نہیں ۔ پرانے شہر سے متعلق مسائل پر چیف منسٹر نے میٹرو ریل پراجکٹ پر عمل آوری میں رکاوٹ کا ذکر کیا اور کہا کہ رکاوٹ کی وجوہات سے ہر کوئی واقف ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے پرانے شہر میں میٹرو ریل کا وعدہ کیا ہے اور اس پر ضرور عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے نوٹری دستاویزات پر مشتمل اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن کے بارے میں عنقریب فیصلہ کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ کئی ارکان اسمبلی نے اس جانب توجہ مبذول کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوٹری دستاویزات کے سلسلہ میں عوام کو سہولت فراہم کرے گی اور جلد فیصلہ کرتے ہوئے غریبوں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے اولڈ ایج پنشن کیلئے عمر کی حد 57 سال کرنے کے بارے میں عنقریب احکامات جاری کرنے کا تیقن دیا ۔ چیف منسٹر نے مکہ مسجد اور شاہی مسجد کی ترقی اور ملازمین کی تعداد میں اضافہ کے بارے میں فیصلہ کرنے کا تیقن دیا۔
چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تحفظات کی مجموعی حد کو 50 فیصد سے اضافہ کرنے کے حق میں ہے۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے اور سپریم کورٹ نے ریاستوں سے رائے طلب کی ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے اپنا موقف واضح کردیا ہے کہ تحفظات کا اختیار ریاستوں کو دیا جانا چاہئے ۔ ہر ریاست میں پسماندہ طبقات کی آبادی مختلف ہوتی ہے ، لہذا ریاستوں کو آبادی کے اعتبار سے تحفظات کا تعین کرنے کا اختیار دیا جانا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ 50 فیصد کی حد مناسب نہیں جس سے تمام طبقات کو انصاف نہیں کیا جاسکتا۔ چیف منسٹر نے شکایت کی کہ مرکز کی جانب سے ریاستوں کے اختیارات میں توسیع کے بجائے انہیں کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ریاستوں کے حقوق سلب کرنے کا آغاز کیا تھا اور بی جے پی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ جمہوری نظام میں توسیع کے ساتھ ریاستوں کے اختیارات میں اضافہ کیا جانا چاہئے ۔
آندھراپردیش کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے غیر قانونی پراجکٹس کو روکنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے۔ ضرورت پڑنے پر تمام ارکان اسمبلی کو نئی دہلی لیجاکر تلنگانہ کے حقوق کیلئے جدوجہد کی جائے گی ۔



