بین الاقوامی خبریں

امریکی یونیورسٹی میں 700 سے زائد طالبات کے ساتھ زیادتی

University of Southern California, USA
University of Southern California /Getty images 

واشنگٹن: (ایجنسیاں)امریکہ کی سدرن کیلفورنیا یونیورسٹی اپنے 700 سے زائد طالبات کے ساتھ جنسی زیادتی روکنے میں ناکامی پر 85.2 کروڑ ڈالر تاوان ادا کرنے پر رضامند ہو گئی۔ ان خواتین نے یونیورسٹی کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ کیا تھا کہ ایک ڈاکٹر نے مختلف اوقات میں انھیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

امریکی ریاست کیلی فورنیا کی سدرن کیلی فورنیا یونیورسٹی کی 710سابقہ طالبات نے مقامی عدالت میں دائر مقدمے میں یونیورسٹی کے ماہر امراض نسواں ڈاکٹر جارج ٹنڈال پر جنسی زیادتی کے الزامات عائد کیے تھے۔

یونیورسٹی کی سابقہ طالبات نے الزام عائد کیا تھا کہ ڈاکٹر جارج 1990سے 2016 تک ان کے طبی معائنے کے دوران ان سے زیادتی کرتے رہے تھے اور اس حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کو بتایا بھی گیا تھا لیکن انھوں نے ڈاکٹر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔

کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں قائم یونیورسٹی نے ڈاکٹر جارج کو 2017 میں معطل کر دیا تھا اور معاملے کو میڈیکل بورڈ کے حوالے کردیا تھا۔یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے عدالت میں جنسی زيادتی روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرلیا گیا ہے اور وہ متاثرہ طالبات کو 85 کروڑ ڈالر سے زائد ہرجانہ دینے پر راضی ہوگئی ہے۔

یونیورسٹی کی جانب سے دی جانے والی یہ رقم کسی تعلیمی ادارے میں جنسی زیادتیوں کے واقعات میں ازالے کے طور پر ادا کی جانے والی سب سے بڑی رقم ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button