
ممبئی: (اردودنیا.اِن)حکومت کی لاکھ کوشش کے باوجود مہاراشٹرا میں کرونا وائرس انفیکشن رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے ، خاص طور پر ممبئی میں ، صورتحال روز بروز سنگین ہوتی جارہی ہے۔ اس صورتحال میں وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے اتوار کو کووڈ ٹاسک فورس کے ممبروں کے ساتھ میٹنگ کی۔
میٹنگ ذرائع کے مطابق ٹھاکرے نے کہا کہ کرونا پروٹوکول کی سختی سے پیروی نہیں کی جار ہی ہے ، اس لئے لاک ڈاؤن کے لئے تیاری کریں۔ٹاسک فورس (مہاراشٹرا کووڈ ٹاسک فورس) کی میٹنگ میں ایک مسئلہ یہ بھی در پیش آیا کہ کرونا کے بڑھتے انفیکشن کی وجہ سے مریضوں کے علاج معالجہ متاثر ہوسکتا ہے ، جو تشویش کی بات ہے۔
ٹاسک فورس کو خدشہ ہے کہ کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔حکومت نے وزارت اور سرکاری دفاتر میں عام لوگوں کے داخلے پر بھی پابندی کی ہدایت دی ہے۔خیال رہے کہ اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے ، وزیر صحت ڈاکٹر راجیش ٹوپے ، چیف سکریٹری سیتارام کونٹے ، ٹاسک فورس سے وابستہ سینئر ڈاکٹرز اور حکومتی اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا کہ اگرکرونا ضابطہ پر عمل نہیں کیا جاسکتا ہے ، تو ہم لاک ڈاؤن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
ہیلتھ پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پردیپ ویاس نے بتایا کہ فی الحال 3 لاکھ 75 ہزار آئی سو لیشن بیڈوں میں سے 1 لاکھ 7 ہزار بھرچکے ہیں ، بقیہ بیڈ بھی تیزی کے ساتھ بھر رہے ہیں ۔خیال رہے کہ اتوار سے ہی مہاراشٹر میں نائٹ کرفیو بھی لاگو ہوگا۔ ادھو ٹھاکرے حکومت نے کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر عوامی مقامات پر لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی کے ساتھ کئی دوسری پابندیاں عائد کردی ہیں۔
28 مارچ بروز اتوار شام 8 بجے سے مہاراشٹر میں نائٹ کرفیو نافذ ہے۔ رات کے 8بجے سے لے کر صبح7بجے تک عوام ساحلِ سمندر نہیں جاسکتے ہیں ، ڈراما تھیٹر بھی بند ہوں گے



