ممبئی: (اردودنیا.اِن)مہاراشٹرا میں کورونا کیسز میں بڑے پیمانے پر اضافے نے تشویش میں اضافہ کردیاہے۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کی وجہ سے اسپتالوں پر بھی دباؤ پڑرہا ہے۔ ریاست کے بڑے شہر ناگپور کے ایک اسپتال کی ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں ایک بستر پر کورونا کے دو مریض دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ تصویر کورونا وبا سے نمٹنے والی ریاست کے صحت کے انتظامات کی کڑوی سچائی کو بیاں کررہی ہے۔
یہ تصویر جو منظر عام پر آئی ہے وہ ناگپور کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال (جی ایم سی ایچ) کی ہے ، صورتحال یہ ہے کہ مریضوں سے بھرے وارڈوں میں بیشتر بیڈ پرایک کے بجائے دو مریض ہیں۔حکام کے مطابق نجی اسپتالوں کے مقابلے میں کم اخراجات کی وجہ سے لوگوں کے سرکاری اسپتالوں کا رخ کرنے اور ڈاکٹروں کے ذریعہ سنگین مریضوں کوجی ایم سی ایچ ریفر کیے جانے کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے۔تاہم اسپتال کے اعلی عہدیداروں نے بتایا کہ ایک بڑے بیڈ پر دو مریضوں کی صورتحال کواب بہتر کرلیا گیا ہے۔
اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اویناش گاوندے کے مطابق پروٹوکول کے مطابق کورونا مریض اورشہر کے باہر سے آنے والے سنگین مریضوں کوہی اسپتال میں داخل کیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ جی ایم سی ایچ میں کام کا بوجھ بہت زیادہ ہے۔ ہم بستروں کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔ صورتحال اب معمول پرہے اور ایک بستر پر صرف ایک ہی مریض ہے۔




