تلنگانہ کی خبریں

تلنگانہ کی یونیورسٹیز میں سینکڑوں جائیدادیں مخلوعہ،چھ یونیورسٹیز میں ایک بھی پروفیسر نہیں

تلنگانہ:(اردودنیا.اِن) تلنگانہ کی جامعات میں جو جائیدادیں مخلوعہ ہیں ان جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں کی جانے والی لاپرواہی پر ریاست کی 11جامعات کے انتظامیہ میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ حکومت کی جانب سے 1869 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں مسلسل نمائندگیوں کے باوجود 10 برس سے یہ جائیدادیں مخلوعہ ہیں اور ان جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے 1061 جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں تین سال قبل منظوری کے باوجود اب تک بھی ان جائیدادو ں پر تقررات کے عمل کو مکمل نہیں کیا گیا بلکہ نظر انداز کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے۔

31جنوری 2021 کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو ریاست تلنگانہ میں موجود 11جامعات میں جملہ 2837 جائیدادوں کو منظوری دی گئی ہیں جن میں 1869 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ریاست کی تمام جامعات میں مجموعی اعتبار سے 968 مستقل عملہ خدمات انجام دے رہا ہے جو کہ منظورہ جائیدادوں کا صرف 34.12 فیصد ہوتا ہے۔11جامعات میں 157پروفیسر خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ 238 پروفیسرس کے عہدہ پر تقررات کئے جانے ہیں۔

اسوسیٹ پروفیسر کی 781 جائیدادیں مخلوعہ ہیں جبکہ 129 اسوسیٹ پروفیسر کے عہدہ پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔850اسسٹنٹ پروفیسر کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں جبکہ 682 اسسٹنٹ پروفیسر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ریاست کی 6جامعات میں ایک بھی پروفیسر موجود نہیں ہے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں حکومت کو توجہ دلوائی جاچکی ہے اور فی الحال بیشتر مخلوعہ جائیدادوں پر کنٹراکٹ اساس پر ملازمین برسر خدمت ہیں ۔بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مختص کئے جانے والے بجٹ کے ناکافی ہونے اور اجرائی میں ہونے والی تاخیر کے سبب مخلوعہ جائیدادو ں پر تقررات میں دشواری ہورہی ہے ۔

حکومت سے منظوری کے باوجود عدم تقررات

سال گذشتہ حکومت کی جانب سے 606 کروڑ73لاکھ روپئے ریاست کی جامعات کے لئے مختص کئے گئے تھے جبکہ جاریہ مالی سال کے لئے تمام جامعات میں 627کروڑ28لاکھ روپئے کی تخصیص عمل میں لائی گئی ۔یونیورسٹی انتظامیہ کا کہناہے کہ بجٹ میں کئے جانے والے اضافہ کے بعد ان تقررات میں حائل رکاوٹیں دور ہونے کا امکان ہے کیونکہ اس بجٹ کے ذریعہ یو جی سی کی منظورہ تنخواہیں ادا کی جاسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button