بین ریاستی خبریں

تامل ناڈو : اسٹالن کی بیٹی اور داماد کی رہائش گاہ پر انکم ٹیکس کا چھاپہ

ہم اِن چھاپوں سے ذرا بھی خوف زدہ نہیں ہیں : ایم کے اسٹالن

چنئی:(اردودنیا.اِن)انکم ٹیکس کے افسران نے جمعہ کو ڈی ایم کے کے صدر ایم کے اسٹالن کی بیٹی اورداماد کی رہائش گاہ پر چھاپہ ماری کی ۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع کے مطابق 25 سے زائد افسران تمل ناڈو میں محترمہ سینتھامرے نیلانگرائی کی رہائش گاہ، دفتر اور ریئل اسٹیٹ فرم پر چھاپے جاری ہیں۔چھاپے کے دوران مرکزی نیم فوجی دستوں کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ انکم ٹیکس افسران نے اسٹالن کے داماد سبری سن سے متعلق لوگوں کے ٹھکانوں، ڈی ایم کے کی آ ئی ٹی یونٹ کے ممبر کارتک موہن اور جی سکویئربالا کے ٹھکانوں پر بھی چھاپہ ماری کی گئی ۔

ساتھ ہی محکمہ انکم ٹیکس نے انّانگر سے ڈی ایم کے رکن اسمبلی ایم کے موہن کی رہائش گاہ پر چھاپے مارے۔ ڈی ایم کے نے محترمہ سینتھامرے کی رہائش گاہ پر چھاپہ ماری کی سخت مذمت کی ہے۔ ڈی ایم کے نے کہا ہے کہ چھاپہ ماری کا عمل مرکزی حکومت (بی جے پی) کی زیرقیادت این ڈی ا ے حکومت کی جانب سے سیاسی انتقام کے باعث مارے جارہے ہیں۔اسٹالن نے ان چھاپوں کے پیش نظر وزیراعظم نریندرمودی کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے چنئی واقع میری بیٹی کے گھرپر چھاپے مارے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے‘،اریاوولر علاقہ میں انتخابی مہم میں مصروف اسٹالن نے کہاکہ وہ ان چھاپوں سے خوف زدہ نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اے آئی اے ڈی ایم کے حکومت کو بچارہی ہے۔

میں پی ایم مودی سے کہناچاہوں گا کہ یہ ڈی ایم کے ہے، یہ نہ بھولیے کہ میں کلی گنارکا بیٹا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اس سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔ اس اسٹالن نے ایمرجنسی کے دوران میسا کو دیکھاہے۔ وہ سوچتے ہیں کہ مجھے چھاپے سے ڈرا سکتے ہیں، یہ اے آئی اے ڈی ایم کے، کے ساتھ ممکن ہے ،لیکن یہ ڈی ایم کے ساتھ مشکل ہے ۔ڈی ایم کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ جب سیاسی جماعت اپنی انتخابی مہم مکمل کرنے والی ہے اور ووٹنگ کے دن کی تیاریوں میں مصروف ہے ،عین اس وقت محکمہ انکم ٹیکس محترمہ سینتھامرے کے گھر پر سیاسی انتقام کے باعث چھاپہ ماررہی ہے۔

اس سے قبل ڈی ایم کے رکن اسمبلی ای وی ویلو کے تروونّاملائی کے ٹھکانوں پر چھ مارچ کو چھاپے مارے گئے تھے۔ ساتھ ہی ان کے کالج کیمپس میں بھی۔ اس چھاپوں کے دوران تقریباً 3.5 کروڑروپے ضبط کئے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button