
تلنگانہ:(اردودنیا.اِن)مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے بی سی سی آئی نے شہرحیدرآباد میں موجود راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کے میاچس کے انعقاد پر غور کرنا شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اندور اور حیدرآباد کو موجودہ کرکٹ اسٹیڈیمس جہاں میاچس منعقد ہونے والے ہیں ان کے متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کو بی سی سی آئی نے لمحۂ آخر میں میاچ کے انعقادکے فیصلہ کی صور ت میں بھی میاچ منعقد کرنے کے لئے تیار رہنے کے اشارے دیئے ہیں۔
مہاراشٹرا میں کورونا کے قہر کے بعد متبادل انتظامات پر غور
بتایاجاتا ہے کہ ریاست مہاراشٹرا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے اور ممبئی شہر میں مریضو ں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے پیش نظر بی سی سی آئی کے خازن مسٹر ارون دھومل نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے اسٹیڈیم میں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا او رعہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ میاچس کے انعقاد کے لئے تیار رہیں کیونکہ اگر ممبئی میں میاچس کے انعقاد میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیدا ہوتی ہے تو ایسی صورت میں ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں میاچس منعقد کئے جاسکتے ہیں لیکن اس کے لئے حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کو تیار رہنا پڑے گا۔
بتایاجاتا ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے جن شہروں اور اسٹیڈیم میں میاچس کو قطعیت دی گئی ہیں ان میں شہر حیدرآباد کے شامل نہ ہونے پر کئے جانے والے اعتراضات کو دیکھتے ہوئے بی سی سی آئی کی جانب سے شہر حیدرآباد میں میاچس منعقد کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیا جارہا تھا لیکن مہاراشٹرا کے مختلف شہروں بالخصوص ممبئی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے اختیار کئے جانے والے سخت فیصلوں کے سبب ممبئی کے میاچس کو دیگر شہروں کو منتقل کیا جاسکتا ہے لیکن حالات سنگین ہونے کی صورت میں ہی ایسا کیا جائے گا۔
سیکریٹری حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن مسٹر آر وجئے آنند نے اس بات کی توثیق کی کہ آئی پی ایل کے کچھ میاچس شہر حیدرآباد میں منعقد کئے جاسکتے ہیں لیکن پہلے مرحلہ کے میاچس میں کوئی میاچ حیدرآباد میں منعقد ہونے کے امکانات نہیں ہیں کیونکہ مختلف ٹیموں کے کھلاڑی ممبئی میں موجود ہیں اور پہلے مرحلہ کے میاچس ممبئی میں منعقد کئے جاسکتے ہیں



