
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ایم ایم ناروانے نے کہا کہ بھارت کو اپنی سرحدوں پر نئے چیلنجز کا سامنا ہے اورتربیت سے گزرنے والے فوجی افسروں کو ایسی تمام پیشرفتوں سے آگاہ ہونا چاہیے۔جنرل ناروانے تمل ناڈو کے ویلنگٹن میں ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج (ڈی ایس ایس سی) میں مغربی اور شمالی سرحدوں کے واقعات اور ہندوستانی فوج کے مستقبل کے روڈ میپ پر ان کے اثرات کے عنوان سے لیکچر دے رہے تھے۔
بھارتی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے اس بات پر زور دیاہے کہ ملک کو اپنی سرحدوں پر نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ وہ تمام تر پیشرفت سے آگاہ رہیں۔جنرل ناروانے کالج کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے کالج میں 76 ویں اسٹاف کورس میں شامل افسران اور فیکلٹی ممبروں کو لیکچر دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی ایس ایس سی کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل ایم جے ایس کہلون نے تربیتی سرگرمیوں کو شامل کرنے اور تینوں قوتوں کے مابین رابطہ کاری کے ساتھ نئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔آرمی چیف کو تربیتی نصاب اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ہونے والی تبدیلیوں کے سلسلے میں ڈی ایس ایس سی کے کردار سے بھی آگاہ کیاگیاہے۔



