بیجا پور :(اردودنیا.اِن)راکیشور سنگھ جو 3 اپریل کو بیجاپور تصادم کے بعدسے لاپتہ تھا ، وہ نکسلیوںکی تحویل میں ہیں ۔ نکسلیوں نے ان کی ایک تصویر جاری کی ہے۔ اس میں سی آر پی ایف کی کوبرا بٹالین کے راکیشور نکسلیوں کے کیمپ میں بیٹھے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔نکسلیوں نے کہا ہے کہ راکیشورمکمل محفوظ ہیں۔ راکیشور کے جگر گونڈا علاقہ میں ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ جس جگہ جوان کو رکھا گیا ہے وہ گاؤں ، جنگل اور پہاڑیوں کے آس پاس ہے۔
نکسلی مستقل طور پر یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ راکیشور ان کے قبضے میں ہیں۔ اس سے قبل نکسلیوں نے واٹس ایپ کال کے ذریعہ میڈیا کو بتایا تھا کہ یہ جوان ان کے پاس ہے۔ ایک دن پہلے ہی نکسلیوں نے ایک پریس نوٹ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت مذاکرات کے لئے ثالثوں کے ناموں کا ذکر کرے ۔
جس کے بعد وہ جوانوں کے حوالے کردیں گے۔چیف منسٹر بھوپش بگھیل نے بدھ کے روز کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے ،تاکہ وہ کورونا انفیکشن کا جائزہ لیں۔ اس دوران نکسلیوں کے ساتھ بات چیت کے لئے ثالثوں کے ناموں پر بھی بات چیت کی قیاس آرائی ہے ۔ریاستی وزیر داخلہ نے منگل کے روز کہا تھا کہ انہوں نے نکسلیوں کا خط نہیں دیکھا ، بلکہ سنا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سے بات کرنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیاجائے گا۔



